کاروباری اور مخیر شخصیات دکھی انسانیت کی خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،چیئر مین بلدیہ

بدھ 21 فروری 2018 20:47

جھنگ۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء)چیئر مین بلدیہ شیخ محمد نواز اکرم نے کہا ہے کہ کاروباری اور مخیر شخصیات دکھی انسانیت کی خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ انہیں دنیا اور آخرت میں کامیابی اور اللہ کی خوشنودی حاصل ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انجمن بہبود ی مریضاں کے زیر اہتمام پندرہ روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شیخ نواز اکرم نے کہا کہ پندرہ روزہ کیمپ کے دوران غریب نادار اور مستحق مردو خواتین مریضوں کی آنکھوں کا چیک اپ ، ادویات ، آنکھوں کے آپریشن کے علاوہ درکار مفت آئی لینز بھی فراہم کئے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ مذکورہ کیمپ کے تمام اخراجات وہ ذاتی طور پر برداشت کریں گے جبکہ ٹیکنکل سپورٹ ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جائینگی جس پر ایم ایس ڈاکٹر حبیب احمد بٹر اور شعبہ آئی کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق خان اور دیگر کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں انہوںنے مزید کہا کہ مذکورہ پندرہ روزہ آئی کیمپ سالانہ لگائے جانیوالے فری آئی میڈیکل کیمپ کے تسلسل کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قائم میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کی میڈیکل سوشل آفیسر مسز زرقا اظہر،سوسائٹی کی جنرل سیکرٹری میڈم زرینہ شیخ،ڈاکٹر ریاض نول اور دیگرانجمن بہبود ی مریضاں کے اراکین موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حبیب احمد بٹر نے انجمن بہبود مریضاں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے محکمہ صحت کا اہم کردار ہے سرکاری ہسپتال میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں