تین روزہ انسداد پولیو مہم ، بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلانے کے سو فیصد اہداف مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 27 مارچ 2018 23:21

جھنگ۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) چیئر مین ضلعی انسداد پولیو کمیٹی /ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے مائیکرو پلان پر قائمہ ہدایات کے مطابق عمل کیا جائے اوروالدین میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری اور احساس کو بیدار رکھنے کے لئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیںجس میں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 9سے 11 اپریل2018ئ(تین روزہ)مہم کے دوران 4 لاکھ 76 ہزارسے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 1096 ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی جبکہ مزید دو دن میں بھی پولیو ٹیموں کو متحرک رکھا جائے گا تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس حوالہ سے ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافروں کی آگہی کے لئے نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کرنے سمیت اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائیگا۔ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک نے ضلعی خطیب کو تاکید کی کہ وہ اس قومی مہم کی اہمیت کے حوالہ سے جمعتہ المبارک کے خطبات کے دوران معاشرے کے ہر فرد کی اصلاح کیلئے بھرپور آگہی پید اکریں۔

انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی ‘ یونین کونسلز کے چیئرمین صاحبان ‘ علما کرام ‘ سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی مہم میں شامل رکھیں ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو جیسی مہلک مرض کا مکمل خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے جس کی انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں