گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم منصفانہ ، شفاف اور میرٹ پر ہوگی ،صوبائی سیکرٹری آثارقدیمہ طاہر یوسف

منگل 24 اپریل 2018 23:00

جھنگ۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) صوبائی سیکرٹری آثارقدیمہ طاہر یوسف نے کہا ہے کہ گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم منصفانہ ، شفاف اور میرٹ پر ہوگی کسی کسان کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائیگی۔ چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر باردانہ فراہم کیا جائیگا۔حکومت پنجاب کی گندم خریداری پالیسی کے تحت تمام معاملات میرٹ پر حل کئے جائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گندم خریداری مرکز چک کوڑیانہ اور جھنگ سیٹ سیٹلائٹ ٹائون کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اسلم دھول ، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔ صوبائی سیکرٹری آثار قدیمہ طاہر یوسف نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خریداری مراکز پر ان کی مشکلات اور مسائل کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے آسانیاں پید ا کرنا ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنی گندم فروخت کر سکیں جس کیلئے ہم تمام وسائل برئوے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات کر ر ہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ گندم خریداری مہم میں حکومت پنجاب کی جانب سے چھوٹے کسانوں کے مالی استحکام کیلئے کسان دوست اقدامات کئے گئے ہیں۔

کسانوںکی سہولت کیلئے خریداری مراکز پر کاشتکار نمائندگان بھی موجود ہونگے جبکہ کسانوں کی رجسٹریشن کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے تحت کی گئی ہے ۔شفافیت اور میرٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے گندم خریداری کے تمام مراحل مکمل کئے جائینگے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں اور بہتراقدامات کی بنا پر ہی چھوٹے کاشت کاروں کی شکایات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے گندم خریداری مراکز کا معائنہ کریں ۔ کاشتکاروں کے مسائل سنیں اور ان کا فوری ازالہ کیا جائے۔کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائیگا اور گندم کا مقررہ ہدف موثر حکمت عملی کے تحت حاصل کیا جائیگا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں