تمام ضلعی محکمے سیلاب کے دوران ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 5 جولائی 2018 23:20

جھنگ۔5 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ تمام ضلعی محکمے سیلاب کے دوران ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں انہیں جدید ترین امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ سیلاب اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے فرضی مشقوں کا مقصد تمام محکموں میں رابطوں کو موثر بنانا ہے ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے پھر بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریسکیو 1122کی جانب سے دریائے چناب پر ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے فرضی مشقوں کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد زاہد اختر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین نے کہا کہ فرضی مشقوں کا مقصد سیلاب و دیگر قدرتی آفات سے شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنانا ہے ۔ہماری تمام تر تیاریاں مکمل ہیںاور تمام محکموں سے رابطے بحال ہیں جبکہ سٹاف کو سیلاب و دیگر قدرتی آفات سے بچانے کے لئے جدید ترین حفاظتی آلات، کشتیاں ودیگر سازوسامان مہیا کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سیلاب سے بچنے کے لئے دریائی علاقوں میں لوگوں کا انخلاء جاری ہے جبکہ مذکورہ سیلابی ایریا میں تجاوزات کا بھی خاتمہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے پھر بھی احتیاطی طور پر تمام تر اقدامات مکمل ہیں۔

تمام ضلعی محکمے اپنی استعداد کار کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ریسکیو 1122کا قدرقی آفات سے نمٹنے میں کردار انتہائی اہم ہے۔دریائے چناب اور جہلم پر ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ریسکیو1122، سول ڈیفنس، صحت، لائیو سٹاک، سوشل ویلفیئر، آبپاشی اور سکاؤٹ کی طرف سے کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔ اس دوران محکمہ ریسکیو1122کے سٹاف نے فرضی مشقوں کے ذریعے سیلاب کے دوران شہریوں کو بچانے، کشتیوں کے ذریعے دوسری جگہ منتقلی سمیت دیگر مہارتوں کا بھی مظاہرہ کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے سیلابی صورت حال کے حوالے سے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے آگاہی کیمپوں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں