الیکشن کا شفاف اور پر امن انعقاد ہم سب کا اہم مشن ہے‘ ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 7 جولائی 2018 23:27

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) الیکشن کا شفاف اور پر امن انعقاد ہم سب کا اہم مشن ہے جسے احسن طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے آپس میں کوآرڈی نیشن کو موثر طریقے سے بحال رکھنا ہے۔ ہم ایک ٹیم کی طرح ہیں۔ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے فرائض کی احسن طریقے سے ا نجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی، بریگیڈیئر مسعود اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داؤڈ نے الیکشن 2018ء کے انعقاد کے حوالہ سے انتظامات کی پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق مشترکہ اجلاس میںکیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد زاہد اختر ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر محمد آصف اقبال، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جاوید اقبال چٹھہ، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزاور مانیٹرنگ افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ آزادانہ اورشفاف انتخابات ہمارا فوکس ہے اور عام انتخابات کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے ہم ہر صورت نبھائیں گے۔

انہوںنے ہدایت کی کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے حساس پولنگ اسٹیشنوں سمیت تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ، عملہ اور ووٹر ز کیلئے سایہ، پانی ، واش رومز کی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے نیز سرکاری اداروں کی انتظامیہ اور بلڈنگز میں موجود قیمتی وسائل کی حفاظت بھی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع بھر میں 1210پولنگ اسٹیشن قائم کئے گے ہیں جنہیں سیکوٹی کے لحاظ سے تین کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ضلع کے حساس169 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائینگے۔

انہوںنے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں کل 3008 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جس میں 14لاکھ25ہزار801شہری ووٹ کا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کروانے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں مثبت اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ خلاف ضابطہ پینا فلیکس ، بل بورڈ اور پوسٹر لگانے والے امیدواران کو نوٹس بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔

انہوںنے مزیدبتایا کہ ضلع میں تعینات ہونے والے فوجی دستوں کو تمام تر انتظامی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے سیکورٹی پلان ، ضلع میں امن وامان کی صورتحال اورحساس پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات بارے بھی آگاہ کیا۔پاک آرمی کے بریگیڈیئر مسعود نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ ہمارا یہ مشن انشاء اللہ احسن طریقے سے کامیاب ہوگا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں