انجمن تاجران، چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال ٹریڈرز، پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن، روٹری کلب اور سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموںنے ضلع جھنگ کی ترقی کیلئے جھنگ ڈویلپمنٹ الائنس کے نام سے اتحاد بنا لیا

اتوار 8 جولائی 2018 22:50

جھنگ ۔8 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) انجمن تاجران، چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال ٹریڈرز، پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن، روٹری کلب اور سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموںنے ضلع جھنگ کی ترقی کے لئے جھنگ ڈویلپمنٹ الائنس کے نام سے اتحاد بنا لیا ہے اور ضلع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے 25نکاتی ایجنڈا پیش کر دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ جو امیدوار کامیاب ہو کر ان 25نکات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائے گا اس کی حمایت کی جائے گی۔

آج پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جھنگ ڈویلپمنٹ الائنس کے رہنمائوں کمانڈر (ر)صہیب فاروق، شیخ یونس، شیخ واصف مجید، شیخ ریاض، فاروق ساجد، امتیاز موتی، رانا اشفاق، میاں اظہر، میاں مظہر ودیگر نے کہا کہ ضلع جھنگ اس وقت پنجاب کا پسماندہ ترین ضلع ہے ماضی میں یہاں سے منتخب ہونے والے سیاستدانوں نے ضلع کو ترقی یافتہ بنانے کی بجائے مزید پسماندگی کی جانب دھکیلا اور لوگوں کی فوتیدگی میں شرکت اور فاتحہ خوانی ہی ان سیاستدانوں کا میرٹ رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت جھنگ کا سیوریج سسٹم، سڑکیں، تعلیمی ادارے ،ہسپتال اور دیگر انفرا سٹرکچر تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں لوگ بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے جھنگ کی ترقی کے لیے 25نکاتی منشور پیش کیا جس میں جھنگ میںٹیکس فری انڈسٹریل زون کا قیام، یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا قیام، ایکسپورٹ پروموشن بیورو کا قیام، دیہاتوں سے منڈیوں تک پختہ سڑکوں کی تعمیر، ہیڈ تریموں کے مقام پر ٹی ڈی سی پی کی جانب سے تفریحی پارک اور ہوٹل کے قیام، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، سیوریج اور ٹریفک کے مسائل کے حل، جھنگ سے کراچی اور پشاور کے لئے تیز رفتار ٹرین اور فیصل آباد تک نئے ریلوے ٹریک کے قیام، بھکر ،لیہ، خانیوال اور سرگودھا تک دو رویہ سڑکوں کی تعمیرسمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تمام تنظیموںسے منسلک ہزاروں افراد اس امیدوار کو الیکشن میں ووٹ دیں گے جومنتخب ہو کر اس 25نکاتی منشور پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ ڈویلپمنٹ الائنس کا مقصد ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم سے عوام کو ووٹ اور امیدواروں کو ووٹرز کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں