عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

بدھ 11 جولائی 2018 23:37

جھنگ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد ضلع کونسل ہال میںکیا گیاجس میں ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہار اختر حسین،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئراظہر حسین گھمن، این جی او ز کے نمائندگان ، سیاسی و سماجی شخصیات اور مردو خواتین نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے عالمی یوم آبادی کے حوالہ سے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک سنگین مسئلہ ہے لہٰذا آبادی کی فلاح و بہبود کیلئے ہر فرد اپنے کردار کو اولین ترجیح دے ۔ انہوںنے کہا کہ ملکی وسائل کا صحیح اور بہتر استعمال دور حاضر اور وقت کا تقاضا یہی ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا جا ئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، سماجی شخصیات، صحافی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو اس ضمن میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئراظہر حسین گھمن اور دیگر مقررین نے بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلاً روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بنیادی صحت اور تعلیم ہر بچے کا حق ہے، ایک خوشحال خاندان ہی ملک کی بقا کیلئے معاون ثابت ہوسکتا ہے جس کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ بے حد ضروری ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ہوں گے ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ بہبود آبادی کے حوالہ سے ضلع بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کر رہی ہیں جن کے ذریعے عوام میں بہبود آبادی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے محکمہ کے افسران و عملہ کو اعلیٰ کارکردگی کی بنا پر شیلڈ بھی تقسیم کیں۔سیمینار کے اختتام پر آباد ی کو کنٹرول کرنے اور آگہی کے حوالہ سے ضلع کونسل ہال سے واک بھی منعقد کی گئی جس کی قیادت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہار اختر حسین نے کی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں