پی ٹی آئی کی راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی،

ڈاکٹر ابو الحسن انصاری کوتیسری مرتبہ پی پی 126شہری نشست جھنگ سے ٹکٹ دیدیا گیا

بدھ 18 جولائی 2018 16:05

جھنگ۔18جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ابو الحسن انصاری کو راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے بعد تیسری مرتبہ پھر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 126شہری نشست جھنگ سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ دے دیا گیا ہے ،یہا ں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سب سے پہلے ڈاکٹر ابوالحسن انصاری مرکزی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 126شہری نشست جھنگ سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن اسی دوران مسلم لیگ (ن) سے سیاسی وفاداری تبدیل کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمد یعقوب شیخ اور ان کی اہلیہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی خواتین راشدہ یعقوب شیخ کے اثرو رسوخ کے باعث ڈاکٹر ابو الحسن انصاری کا ٹکٹ منسوخ کر کے یہ ٹکٹ راشدہ یعقوب شیخ کو دے دیا گیا،اسی اثناء میں الیکشن ٹربیونل کی جانب سے راشدہ یعقوب شیخ کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد یہ ٹکٹ پھر ڈاکٹر ابو الحسن انصاری کو دے دیا گیا،دوسری جانب راشدہ یعقوب شیخ اور ان کے خاوند محمد یعقوب شیخ سابق ایم پی ایز نے اپنی نااہلی کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی جس نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی، اس طرح ایک بار پھر حلقہ پی پی 126شہری نشست جھنگ کا ٹکٹ ڈاکٹر ابو الحسن انصاری سے واپس لے کر راشدہ یعقوب شیخ کو دے دیا گیا مگر بات یہیں ختم نہیں ہوئی اور ان کے مخالفین نے لاہور ہائی کورٹ کے ڈبل بنچ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کر دی جس نے گزشتہ روز ایک بار پھر راشدہ یعقوب شیخ اور ان کے خاوند محمد یعقوب شیخ کو نا اہل قرار دیدیا، اس طرح اب تیسری بار حلقہ پی پی 126شہری نشست جھنگ کا ٹکٹ ڈاکٹر ابو الحسن انصاری کو دے دیا گیا ہے جنہوںنے بلے کے انتخابی نشان کیلئے درخواست ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروا دی ہے،دوسری جانب راشدہ یعقوب شیخ اور ان کے خاوند محمد یعقوب شیخ نے اپنی نااہلی کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں