ڈپٹی کمشنر کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعرات 16 اگست 2018 23:38

جھنگ۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے سیلاب سے متاثرہ علاقے موضع کچا مگھیانہ اور بیلہ ر جبانہ کا دورہ کیااس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ دریا کے کٹائو کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

انہوںنے کہا کہ متاثرین کیلئے محکمہ ہیلتھ اور لائیو سٹاک کی طرف سے موبائل ڈسپنسریاں اور میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں متاثرین کو ضرورت کے تحت مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور ا س ضمن میں میڈیکل کیمپس میں ماہر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس سٹاف تعینات کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہیگا۔

(جاری ہے)

میڈیکل کیمپس میں انٹی سنیک ، ریبیز اور ملیریا سمیت ضروری ادویات مہیا کر دی گئی ہیںجبکہ جانوروں کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے لگائے گئے کیمپس پر ویکسی نیشن کی سہولت میسر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت اور مقامی لوگوں کو انتظامیہ سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں تاہم دریائے چناب میں پانی کے اخراج و آمد کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اس حوالہ سے پیشگی انتظامات بھی مکمل کئے گئے ہیں۔محکمہ ریسکیو1122، سول ڈیفنس ، انہار سمیت دیگر متعلقہ محکمے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیا ر ہیں۔

متعلقہ محکمہ جات کی سیلاب سے متعلقہ مشینری اور آلات فعال حالت میں ہیں جبکہ پانی کے بہائو کی صورتحال وقتاً فوقتاًنوٹ کی جا رہی ہے اور اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر آفس میں فلڈ کنٹرول روم بھی فعال ہے جہاں سے شہری پانی کے بہائوبارے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ آئندہ چوبیس سے تیس گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح معمول کے مطابق ہو گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے دوران مقامی لوگوں سے سیلابی صورتحال بارے گفتگو بھی کی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں