دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر آرہا ہے،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 18 اگست 2018 23:41

جھنگ ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر آرہا ہے، دریائے چناب سے ملحقہ زیر آب علاقوں سے پانی واپس دریا میں اتر گیا ہے اور راستے کلیئر ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور ڈینگی سپرے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ سیلابی پانی کی وجہ سے بند سکولوں میں سوموار سے تدریسی عمل باقاعدگی سے شروع کر دیا جائے جبکہ کل تک ان تمام سکولز میں صفائی مکمل کر لی جائے اور مچھر مار سپرے بھی کروائے جائیں۔

متاثرہ علاقوں میں مکمل بحالی تک محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی طرف سے لگائے گئے بحالی کیمپ فعال رہیں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ علاقوں کا وزٹ کر یں اور اس بارے روازانہ کی بنیاد پرانہیں جامع رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

عوام کی جان اور مال کی حفاظت کی ذمہ داری ہماری اولین ترجیح ہے۔ اور عید سے قبل ان علاقوں میں پانی مکمل طور پر خشک ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے چناب میں ریلہ گزر گیا ہے اور اب سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔ موضع مگھیانہ، رجبانہ سمیت دریاں سے ملحقہ علاقے اب بحال ہیں۔قبل ازیں دریائے چناب میں طغیانی کے باعث دریائی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ اس وقت تک ضلع کے بیس سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں جہاں سے لوگوں کو نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے تاہم زیادہ تر لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے کے لئے تیا رنہیں نظر آتے۔

زیر آب آنے والے علاقوں میں بیلہ جھبانہ، موضع موہل، بستی ملاح، موضع اناراں والا، چک کچہ، موضع مگھیانہ، وغیرہ شامل ہیں۔ اس وقت تریمو ھیڈ ورکس سے پانی کا اخراج 80000کیوسک فیٹ سے زائد رریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے کہ اگلے 24گھنٹوں میں پانی کے اخراج میں مزید کمی ہو جائے گی۔ جس سے ملحقہ علاقوں میں کھڑا پانی بھی نکل جائے گا۔

اس وقت متاثرہ علاقوں میں 3سے 4فٹ پانی کھڑا ہے۔ سیلابی پانی گھروں، سکولوں اور کھڑی فصلوں میں داخل ہو گیا ہے جس سے عمارات اور فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو 1122کا عملہ لوگوں کو محفوظ علاقوں میں منتقلی کے لئے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے دریائے چناب سے ملحقہ زیر آب علاقوں موضع مگھیانہ، بیلہ رجبانہ وغیرہ کا دورہ کیا۔

اسٹنٹ کمشنر محبوب شہزاد اور ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 علی حسنین بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دریائے چناب میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پانی کا بہائو کم ہونا شروع ہو جائیگا۔ اُنہوں نے کہا کہ صرف دریا سے ملحقہ نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

اس ضمن میں ریسکیو1122، سول ڈیفنس، ہیلتھ اور لائیو سٹاک سمیت متعلقہ محکموں کے ریلیف کیمپس پر متاثرین کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تمام حکومتی ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور پانی کے بہائو کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔دریا سے ملحقہ علاقوں میں پانی کی صورتحال بارے عوام کو قبل از وقت آگاہ کر دیا گیا تھا۔انہوںنے مزید کہا کہ پانی کا بہائوآہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے اور ملحقہ علاقوں میں آئندہ دو روز تک پانی کا اخراج ہو جائیگاجبکہ منقطع علاقوں سے راستے بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں اور جلد ہی تمام راستے کلیئر ہو جائیں گے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کی طرف سے لگائے گئے ریلیف کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں