گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے ‘‘کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

جمعرات 6 ستمبر 2018 17:56

جھنگ۔6 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2018ء) گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر میں جمعرات کے روز یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جنگ ستمبر کے شہدا ء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو سنہری حروف میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر عابدہ شہباز سمیت تمام ٹیچنگ سٹاف ممبران ، طالبات اور مختلف مکاتب فکر کی اہم خواتین رہنماء بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

اس موقع پر سربراہ ادارہ عابدہ شہباز اور دیگر خواتین ماہرین تعلیم نے کہا کہ یوم دفاع و شہدائے پاکستان کا شاندار انعقاد شہدا ء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا مثالی اقدام ہے جبکہ اس موقع پر ہم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کرتی ہیں کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آج کے دن ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد جہاں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا سنہری موقع ہے وہیں یہ دن شہدائے پاکستان کے اہلخانہ اور پسماندگان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا بھی دن ہے کیونکہ ان کی اولادوں ، بیٹوں اور قوم کے جوانوں کی قیمتی جانوں کے نذرانہ کے صلہ میں آج ہم آزاد پاکستان کی فضائوں میں سکون سے سانس لے رہی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی و عسکری تاریخ کا انتہائی اہم اور یاد گار دن ہے جو ہمیں ان ایام کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی بہادر فوج اور پوری قوم نے متحد ہو کر بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیاتھا اور یہ وہ موقع تھا جب پاکستانی قوم نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور ایسی مشترکہ جدوجہد کی جو آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ مشعل راہ کا کام کرتی رہے گی ۔

انہوںنے کہاکہ ہم ہر سال یوم دفاع اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ جنگ ستمبر کے ان لازوال لمحوں کو یاد کیا جائے جس میں پاک افواج نے جرات و بہادری اور قربانیوں کی شاندار داستان رقم کی ۔انہوںنے کہاکہ زندہ اور بیدار قومیں اپنی قومی تاریخ کے یاد گار دنوں کو بڑے جوش و جذبے اور پر عزم انداز میں مناتی ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بھی ان اہم قومی دنوں اورمعرکوں سے مکمل آگاہی اور آشنائی رہے جبکہ وہی قومیں دنیا میں اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں جو اپنا بھر پور دفاع کرنا جانتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اس بار یوم دفاع کو روایتی انداز کے برعکس منفرد انداز سے منانے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے گہرے اثرات پوری قوم پر مرتب ہونگے کیونکہ ہم نئے عزم اور ولولے سے شہدائے پاکستان اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں تاکہ آنے والے وقت میں بھی ہم متحد ہو کر کسی بھی جارحیت یا مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پختہ عہد کریں ۔

انہوںنے کہاکہ عسکری ادار وںکی طرف سے یوم دفاع کا تھیم ’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے ‘‘ بڑی کشش اور قومی جذبات کا حامل ہے جو حب الوطنی کو مزید ابھارنے کا شاندار ذریعہ ہے جس کے باعث یوم دفاع ہماری قومی یکجہتی کیلئے پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور ہم اس اہم اور ترجیحی ذمہ داری کو نبھانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گی ۔

انہوںنے کہاکہ پہلے یہ ذمہ داری ہمارے بزرگوں اور پاک فوج کے جوانوں نے شاندار انداز میں نبھائی ہے لیکن اب دفاع پاکستان کی ذمہ داری نبھانے کی ہماری باری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ قیام پاکستان اور دفاع پاکستان میں ہمارے بزرگوں اور افواج پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوںنے کہاکہ ہم دختران پاکستان یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر ان لاکھوں قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اس عزم کو دہراتی ہیں کہ ہم وطن عزیز کے تحفظ،سا لمیت اور بقاء کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ انہوںنے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے بچانے کیلئے ہمہ وقت چوکس اور پر عزم ہے جبکہ 6 ستمبر 1965 ء کے ان سترہ روزہ جنگ کی یاد دلاتا ہے جس میں پاکستانی افواج نے اپنے سے دس گنا بڑی بھارتی فوج کو شکست فاش دی۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے ثابت کر دیا کہ جنگ صرف عددی برتری یا ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبوں سے جیتی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج قیام پاکستان سے لے کر اب تک حالت جنگ میں ہے جبکہ ہمارے لاکھوں جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ اندرون ملک اُن سازشوں کو بھی ناکام بنایا جو پاکستان کی نظریاتی اور معاشی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے کی جا رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ پاک فوج کی قربانیوں اور شبانہ روز جدو جہد کے باعث آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پر امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن عوام کو پاک فوج پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اِ ن کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے ۔انہوںنے جنگ ستمبر کے شہداء و غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ ، پسماندگان اور ورثاء کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہداء و غازیوں اور ملکی سلامتی ،خوشحالی ، فلاح و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں