یوم عاشور کے موقع پرضلع بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے‘ تیمور بھٹی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:07

جھنگ۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائی وز یر سپورٹس یوتھ افیئر اینڈ آرکیالوجی پنجاب /انچارج محرم الحرام انتظامات ضلع جھنگ تیمور بھٹی نے کہاہے کہ یوم عاشور کے موقع پرضلع بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اورہمیں اتحاد کی قوت سے امن کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

مجالس اورجلوسوں کی سکیورٹی کیلئے وضع کردہ پلان پر پوری طرح عملدر آمد کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہ کراپنے فرائض سرانجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوم عاشور کے موقع پرشہر کے مختلف مقامات پر جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے حوالہ سے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی،ڈی پی او شاکر حسین داوڑ اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تیمور بھٹی نے ہدایت کی کہ یوم عاشور کے موقع پرقیام امن ا ور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ضلع بھر کے انتظامی اورپولیس افسران یوم عاشور پرامن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔انہوںنے کہا کہ پرامن فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پرگشت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے جبکہ انتظامی و پولیس ا فسران خود فیلڈمیں موجود رہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پوری طرح مستعد رہیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں