یونیورسٹی آف جھنگ کا انتظامی و تعلیمی سٹرکچر تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا، ٹیچنگ سٹاف اور دیگرعملہ کی تعیناتی کا عمل شروع

بدھ 26 ستمبر 2018 17:03

جھنگ۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف جھنگ کا انتظامی و تعلیمی سٹرکچر تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے جس کی اصل عمارت کی تعمیر تک ابتدائی کلاسز غزالی کالج سیٹلائٹ ٹائون جھنگ میں شروع کی جائیں گی جبکہ غزالی کالج کی تزئین و آرائش ، کلاس رومز ، فرنیچر اور دیگر ضروری میٹریل فراہم کردیا گیا ہے نیز ٹیچنگ سٹاف اور دیگرعملہ کی تعیناتی کیلئے بھی عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے دستیاب فنڈز اور وسائل سے تمام تعلیمی تقاضے پورے کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے جھنگ میں گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج میں یونیورسٹی آف جھنگ کی کلاسز کے اجراء کے حوالہ سے انتظامی و تعلیمی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جھنگ حافظ شوکت علی ،رکن صوبائی اسمبلی جھنگ مولانا محمد معاویہ اعظم طارق ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ڈائریکٹر کالجز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے سب کیمپس میں کلاسز کے اجراء کیلئے تمام انتظامی امور مکمل کر لئے گئے ہیں اور بلڈنگ کو قانونی تقاضوں کے مطابق گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج کی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے جبکہ وائس چانسلر کی تعیناتی ، ٹیچنگ فیکلٹی ، اکیڈمک سکول اور دیگر معاملات پر بھی باہمی مشاورت سے پیش رفت جاری ہے۔

انہوںنے کہا کہ وائس چانسلر کی تعیناتی کو مشتہر کیا جا چکا ہے اور جلد ہی ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق وائس چانسلر کی تعیناتی کر دی جائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ یونیورسٹی آف جھنگ کے فنانشل رولز اور دیگر اختیارتی قوانین کا مسودہ ہائیر ایجوکیشن کو بھجوا دیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ پہلے سیشن کے داخلوں اور فیس سٹرکچر کیلئے قوائد و ضوابط کی منظوری دی جا چکی ہے ۔

ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ ایس ڈی او کو ہدایت کی کہ کلاس رومز، لیبزاور لائبریری کی مکمل تزئین و آرائش سمیت صفائی ستھرائی کے امو ر کو مئو ثر بنایا جائے۔ انہوںنے کلاس رومز ، لیبز، لائبریری اور کینٹین سمیت مختلف شعبوں کا بھی معائنہ اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں