قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی کے قومی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد

پیر 8 اکتوبر 2018 23:09

جھنگ۔8اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی کے قومی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122کے اشتراک سے ضلع کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ قدرتی آفات میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کا قومی دن منانے کامقصد ایمرجنسی سروسز کے اداروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں میں احساس اجاگر کرنا ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی حادثہ یا آفت میں حفاظت خود اختیاری اور دوسروں کی زندگیوں کو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر کا بخوبی ادراک کریں ۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں احتیاطی تدابیر سے عدم معلومات کے باعث زیادہ نقصان ہوسکتا ہے اس سلسلہ میں زلزلہ، سیلاب ،طوفان اورآتش زدگی جیسے ناگہانی حالات میں جانی و مالی نقصان کوہر ممکن حد تک کم کرنے کیلئے جہاں ایمرجنسی سروس کے ادارے بھرپور امدادی کارروائیوں کے لئے تیار ہوتے ہیں وہاں ہر شہری کو بھی ایسی حکمت عملی اور تدابیر سے جانکاری ہونی چاہئے تاکہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مختلف سانحات میں متاثرین کی جان بچانے کے لئے امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے ایمرجنسی سٹاف کو داد دیتے ہوئے ریسکیو سروس میں جانیں قربان کرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت نے وفاقی صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے قائم کر دیئے ہیں تاہم ایمرجنسی اداروں کی طرف سے کسی بھی امکانی حادثہ سے نپٹنے کیلئے موک ایکسرسائز کے ذریعے اپنی محکمانہ تیاریوں کا جائزہ لیتے رہنا چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی سروسز کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا جو اچانک اورناگہانی حادثات میں بہترین سروسز فراہم کررہی ہے۔ آگاہی سیمینار میں طالب علموں سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد کی بھرپور شرکت اور کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی کی قیاد ت میں آگہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد زاہد اختر، ڈی او ایمرجنسی ریسکیو1122 علی حسنین، ڈپٹی ڈائریکٹر شوشل ویلفیئر اظہر عبادس عادل، سول ڈیفنس، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں