جھنگ، سرکاری ہسپتال، بنیادی مراکز صحت ودیگر سٹیشنوں پر خسرہ سے بچائو کیلئے فری ویکسی نیشن کا عمل جاری

منگل 23 اکتوبر 2018 17:18

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر انسداد خسرہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں ،بنیادی مراکز صحت و دیگر سٹیشنوں پر 6 ماہ سے 7 سال تک کی عمر کے بچوںکو خسرہ سے بچائو کیلئے فری ویکسی نیشن کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے جس کے تحت ضلع جھنگ میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ٹارگٹ 4لاکھ46ہزار 501سے زائد مقرر کیا گیا جبکہ اب تک محکمہ صحت کی ٹیموں 2لاکھ48ہزار سے زائدبچوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں اورمقررہ تاریخ تک سو فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا جائیگا۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی کی زیر صدارت انسداد خسرہ مہم بارے جائزہ اجلاس کے دوران بتائی گئی۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ، فوکل پرسن برائے انسداد خسرہ مہم سمیت محکمہ صحت کے متعلقہ افسران بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ خسرہ ایک متعدی بیماری ہے اس سے بچائو کیلئے والدین اپنے بچوں کو مراکزصحت پر لے کر آئیں اور ٹیکے ضرور لگوائیںجبکہ سٹاف گھر گھر جا کر بھی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مکمل کریں۔

اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی ۔ موبائل ٹیمیں فیلڈ میں اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقے سے سرانجام دیں بصورت دیگر انکے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ بچوں کو ٹیکے لگوانا ہماری ذمہ داری ہے ہمارے بچے تندرست اور توانا ہوں گے تو ہمارا معاشرہ صحت مند ہوگا۔ سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ ویکسی نیشن کا عمل بغیر چھٹی کے اتوار کے روز بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیا جائے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں