کسانوں کی فلاح وبہبود اورمختلف محکمہ جات سے ان کے درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 1 نومبر 2018 00:20

جھنگ ۔31اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2018ء) کسانوں کی فلاح وبہبود اورمختلف محکمہ جات سے ان کے درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ز، محکمہ زراعت ، محکمہ انہار،لائیو سٹاک،فیسکو،واٹر مینجمنٹ ،سیڈ کارپوریشن بنکوں کے افسران ، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ کسانوں اور کاشتکاروں کے نمائندوںنے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ کسانوں اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت پنجاب نے کسان دوست پالیسیاں مرتب کر رکھی ہیں اس ضمن میں حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں کسانوں کوترجیحی بنیادوں پر آگاہ کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ہدایت کی کہ ضلع میںکھاد اوردیگرزرعی ادویات کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنائیں غیر معیاری ،جعلی ادویات اورکھاد فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور کسانوں کی رہنمائی اوران کی مائیکروفنانسنگ کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوںنے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ زرعی شعبہ میںبجلی کے بلوں ،اوورچارجنگ، ٹرانسفارمرکی عدم دستیابی اورنئے میٹر کی فراہمی سمیت تمام مسائل کا ازالہ کیاجائے ۔انہوںنے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی کہ نہری پانی کی چوری کی بیخ کنی ،نہروں کی بھل صفائی اورٹیل اینڈ پر واقع زمینوں کیلئے نہری پانی کی دستیابی کو یقینی بنایاجائے۔مزید برآںڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کسانوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء ، لوڈشیڈنگ شیڈول ، حیوانات کیلئے جاری ویکسی نیشن،بنکوں سے قرضہ جات کی وصولی اور مختلف فصلات کی کاشت کے حوالہ سے درپیش مسائل ، بغیر لائسنس زرعی ادویات کی فروخت اور دیگر مسائل بارے فرداً فرداًمعلومات حاصل کیں اور موقع پر ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں