جھنگ ، یوم یکجہتی کشمیربھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

بدھ 30 جنوری 2019 18:44

جھنگ۔ 30 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیربھرپور انداز میں منایا جائیگا۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس جوئیہ، محکمہ تعلیم، صحت ، چیف افسران، بلدیہ ، اوقاف سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شریک کی۔

ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے محکمہ تعلیم، ہیلتھ،ضلع کونسل اور بلدیہ سمیت سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیںکہ وہ ضلع بھر میں پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالہ سے فوری اور ضروری اقدامات کریں۔ شہر کے اہم چوکوں ، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر یوم یکجہتی کے حوالہ سے بینرزآویزاں کریں اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے حوالہ سے تشہیر کریں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سرکاری محکموں کے درمیان موثر رابطہ کاری کو بحال رکھا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے حوالہ سے متعدد پروگرام تشکیل دیئے گئے ہیں جس کے مطابق جامع مساجد میں نماز فجر کے بعد کشمیری شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور کامیابی کی خصوصی دعائیں کی جائینگی جبکہ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی۔

انہوںنے بتایا کہ مرکزی تقریب گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں منعقد ہوگی جبکہ کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ضلع بھر کے بلدیاتی، تعلیمی اور دیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے اظہار یکجہتی کے لیے طلباوطالبات کے مابین تقریری مقابلہ جات ،کھیلوں کے انعقاد،ریلیاں اور دیگر تقریبات ضلعی اور تحصیل سطح پر منعقد کی جائینگی۔ ضلع بھر میں اہم چوکوں ،شاہراہوں اور بازاروں میں مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت پر مبنی بینر آویزاں کرنے کے علاوہ ریلیاں،جلسے جلوس اور دیگر تقاریب منعقد کی جائینگی۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اس موقع پرکشمیریوں کی آزادی کیلئے کی جانے والی جدوجہد اور قربانیوں پر مبنی تصویری نمائش کا اہتمام کیاجائیگا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں