سیلابی صورت حال سے عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب سردار محسن خان لغاری

منگل 2 جولائی 2019 17:23

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب سردار محسن خان لغاری اورصوبائی وزیر کھیل تیمور بھٹی نے کہا ہے کہ مون سون سیزن میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے بچنے کے لئے حفاظتی پشتہ جات اورنہری ڈھانچے کی جانچ پڑتال کے لئے محکمہ آبپاشی کے انجینئرز متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں تا کہ کسی قسم کی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی صورت حال سے عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے آج سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ جھنگ میں تریموں بیراج پر جاری بحالی و مرمت کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمحمد طاہر وٹو، چیف انجینئر ڈی اینڈ ایف فضل کریم، چیف پی ایم آئی یو حبیب اللہ بودلہ، چیف پی ایم او بیراجز امجد سعید اور ڈی ڈی ایم سی پی ڈی ایم سعید چشتی ، ڈی او ایمرجنسی ریسکیو1122علی حسنین ، ایکسیئن تریموں سمیت محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تریموں بیراج پر ہنگامی دورے کا مقصد مون سون کے دوران سیلابی و ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے محکمانہ تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر ہیڈ پی ایم او بیراجز امجد سعیدنے وزیر آبپاشی کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ بیراج پر سیلابی پانی کے اخراج کے لئے ممکنہ گیج کھول دیئے جاتے ہیں جبکہ بیراج کے تمام پرانے گیٹس کو بھی تبدیل کر کے جدید ٹیکنالوجی کے حامل نئے گیٹس کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوںنے مزید بتایا کہ بیراج پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سیلاب سے نمٹنے کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے افسران کو ہدایت کی کہ اریگیشن سٹریکچر کی بحالی و مرمت کے جاری تمام منصوبہ جات کو کوالٹی سٹینڈرڈ کے مطابق موجودہ قوانین اور طریقہ کار کو مدنظر رکھ کر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے اپنے افسران کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ بہترین کوارڈینیشن کو یقینی بنائیں تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضروری مشینری، آلات، پتھر اور دیگر وسائل کی فراہمی بروقت ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر سردار محسن خان لغاری نے دریا کے کنارے بسنے والے مقامی افراد سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔وزیر آبپاشی نے تریموں بیراج پر جاری ترقیاتی کاموں پر اطمنان کااظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے اس موقع پر بتایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ریلیف کیمپ پوری طرح متحرک ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران دن رات چوکس ہیں۔ محکمہ ہیلتھ لائیو سٹاک سمیت دیگر متعلقہ محکمے سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کو بھرپوریلیف فراہم کر رہے ہیں جبکہ مزید ریلیف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں