اوپن ڈور پالیسی کے تحت باقاعدگی سے عوامی مسائل سنے جا رہے ہیں، ڈی سی جھنگ

جمعہ 5 جولائی 2019 19:14

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے تحصیل احمد پور سیال میں کھلی کچہری کے دوران سائلین کی طرف سے پیش کی گئیں درخواستوں کی سماعت کی اور موقع پر ازالہ کے احکاما ت جاری کئے۔اسسٹنٹ کمشنر زاہد حسین بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے کھلی کچہری میں صحت ، تعلیم، مال ، واپڈا، پولیس ، زراعت ، لائیو سٹاک ، جائیداد کے تنازعہ سمیت مختلف نوعیت کی درخواستوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ان کے فوری حل کیلئے رپورٹ پیش کریں تاکہ موقع پر داد رسی کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے احکامات پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت بھی باقاعدگی سے عوامی مسائل سنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تحصیلوں میں کھلی کچہری لگانے کا مقصد علاقہ کی عوام کو انکی دہلیز پر فوری اور موقع پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اجتماعی مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات عمل میں لا رہی ہے عوام الناس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو ہر قسم کی سہولیات پہنچانا اور ان کے مسائل اچھے اخلاق سے حل کرنا بھی ایک عبادت ہے۔ تمام سرکاری ملازمین دیانتداری انتھک محنت فرض شناسی اور حب الوطنی کے حقیقی جذبہ سے سرشار ہوکر عوام الناس کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں تاکہ اس کا ثمر براہ راست شہریوں کو ریلیف کی صورت میں ملے۔

درخواستوں پرموثر عمل درآمد اور پیش رفت بارے سائلین نے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیااور کہا کہ وہ حکومت کے اس انقلابی اقدام سے مطمئن ہیں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سائلین کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں