انسداد ڈینگی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:10

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) انچارج مانیٹرنگ انسداد ڈینگی مہم /صوبائی سیکرٹری ہیومن رائٹس پنجاب طارق محموداور ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالہ سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل شاہد عباس جوئیہ سمیت محکمہ صحت،سوشل ویلفیئر، ماحولیات، تعلیم و دیگر بھی شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رائے سمیع اللہ نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالہ سے پیش رفت آگاہ کیا۔ سیکرٹری ہیومن رائٹس طارق محمودنے کہا کہ انسداد ڈینگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈینگی کے مسئلے پر قابو پانا اولین ترجیح ہے۔

انسداد ڈینگی کے لئے آگاہی مہم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اجلا س سے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 85 ان ڈور اور 70 آؤٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی لاروے کی سرویلنس کے حوالے سے باقاعدگی سے وزٹ کر رہی ہیں۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے 396 افراد کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ9 افراد کے خلاف ایف آئی آر اور دو کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکومتی ہدایت کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے او رانسداد ڈینگی کے حوالہ سے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائیگا۔ اجلاس میں دیگر محکموں نے بھی انسداد ڈینگی کے حوالہ سے جاری اقدامات بارے بریفنگ دی۔ قبل ازیں انچارج انسداد ڈینگی مہم / سیکرٹری ہیومن رائٹس طارق محمودنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ڈینگی وارڈ میں زیر علاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسفند یار نے صوبائی سیکرٹری کو تفصیلی اقدامات بارے آگاہ کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں