لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی بارے اجلاس

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 18:54

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام قدرتی آفات سے بچائو سے متعلق آگاہی کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو تھے۔ جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوچوہدری محمد اشرف گجر، کوآرڈینیٹر پی ڈی ایم اے سعید چشتی ، چیف آفیسر ایجوکیشن چوہدری نسیم احمد زاہد ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل ودیگر بھی شریک تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ قدرتی آفات اور سانحات بارے عوامی آگاہی وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔ سرکاری ارادوں کے ساتھ نجی ادارے کو بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے عوام میں آفات کے بعد بتدریج بحالی کا شعور اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود سانحات سے نمٹنے کیلئے جدید مشینری و آلات اور دیگر وسائل ایمرجنسی محکموں کو دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں احتیاطی تدابیر سے عدم معلومات کے باعث زیادہ نقصان ہوسکتا ہے اس سلسلہ میں زلزلہ، سیلاب،طوفان اورآتش زدگی جیسے ناگہانی حالات میں جانی و مالی نقصان کوہر ممکن حد تک کم کرنے کیلئے جہاں ایمرجنسی سروس کے ادارے بھرپور امدادی کارروائیوں کے لئے تیار ہوتے ہیں وہاں ہر شہری کو بھی ایسی حکمت عملی اور تدابیر سے جانکاری ہونی چاہئے تاکہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنا سکیں۔ ریسکیو 1122کے جوان ایک فون کال پر ہر وقت چوکس ہیں اور ایمرجنسی میں انسانی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ سیمنار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں