جھنگ،ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کئے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:12

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) ضلع بھر میں ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس سلسلہ میں متعلقہ محکمے احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کے حوالہ سے متحرک ہیں تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے قبل از وقت نمٹا جا سکے۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سید فیصل بخاری کی قیادت میں ناقص ایندھن کے استعمال کے حوالے سے ٹوبہ روڈ پر اینٹوں کے مختلف بھٹوں کا سروے کیا گیا اور فعہ 144کی خلاف ورزی پر متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی جبکہ چوکی روڑانوالی ٹوبہ روڈپر واقع پیرولائسس پلانٹ کو بھی خلاف ورزی میں مرتکب پانے پر سیل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھواں چھوڑنے،کوڑا کرکٹ،پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرپابندی عائد ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے خلاف ورزی کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ انہوںنے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت اہم شاہرات اور عوامی مقامات پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون سے متعلق بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے تحت بھٹے لگانے کے عمل کو پروان چڑھائیں۔

انہوںنے تعلیمی اداروں میں سموگ کی روک تھام کے لئے آگاہی لیکچرز کا اہتمام کرنے اورتمام متعلقہ محکموں کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجرکاری مہم کو تیز کرکے مطلوبہ اہداف جلد حاصل کرنے کی تاکید کی۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے اینٹی ڈینگی اقدامات بارے ٹیموں کی کارکردگی چیک کرتے ہوئے سرویلنس کومزید تیزکرنے کے احکامات جاری کیئے ۔انہوں نے محکمہ صحت کوہدایت کی کہ ڈینگی کی افزائش کی کوئی جگہ بغیرچیکنگ کے نہیں رہنی چاہیے۔ ڈینگی لاروا کی تلفی میں سست روی پرسخت ترین محکمانہ کارروائی سے گریزنہیں کیا جائے گا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں