جھنگ کی شوگر ملیں عرصہ دراز سے غریب اور بے بس کسانوں کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں،مافیا کی شکل اختیار کرنیوالی شوگر ملزنے چار ماہ سے کسانوں کو گنے

کی رقوم کی ادائیگی نہیں کی، غریب کسان شدید گرمی میں روزانہ اپنے پیسوں کیلئے شوگر ملز کے چکر لگانے پر مجبور ہیں،وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب صورتحال کا فوری نوٹس لیں، دو روز کے اندر کسانوں کو ان کی رقوم کی ادائیگیاں یقینی نہ بنائی گئیں تو وہ سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، پاکستان کسان اتحاد جھنگ کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس

جمعرات 9 جولائی 2020 23:43

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) جھنگ کی شوگر ملیں عرصہ دراز سے غریب اور بے بس کسانوں کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں جبکہ مافیا کی شکل اختیار کرنیوالی شوگر ملزنے چار ماہ سے کسانوں کو گنے کی رقوم کی ادائیگی نہیں کی اور غریب کسان شدید گرمی میں روزانہ اپنے پیسوں کیلئے شوگر ملز کے چکر لگانے پر مجبور ہیںلہٰذاوزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب صورتحال کا فوری نوٹس لیںاور گنے کے کاشتکاروں کو ان کے ملوں کو فراہم کردہ گنے کی رقوم کی ادائیگی کروائی جائے بصورت دیگر کاشتکار اگلے سیزن کیلئے گنا کاشت نہیں کریں گے۔

پاکستان کسان اتحاد جھنگ کے ضلعی صدر مہر واجد علی نول، سرپرست اعلیٰ عامر محمود شاکر نول ، کسان بورڈ کے ضلعی صدر مہر حاکم خان سیال اور دیگر رہنمائوں نے جمعرات کے روز پریس کلب جھنگ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ متعلقہ انتظامی حکام بھی مبینہ طور پر غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ بھی انتہائی با اثر شوگر مافیا کے سامنے بے بس ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ کمیشن مافیا کے ذریعے ادائیگیاں کر رہی ہے جبکہ کسانوں کو ڈائریکٹ ادائیگی نہیں کی جا رہی اس طرح گزشتہ چار ماہ سے کسان ذلیل و خوار ہو رہے ہیںمگر ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ کسان رہنمائوں نے کہا کہ اگر دو روز کے اندر کسانوں کو ان کی رقوم کی ادائیگیاں یقینی نہ بنائی گئیں تو وہ سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور پھر حالات کی تمامتر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ جھنگ پرعائد ہو گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوگر ایکٹ کے تحت کسانوں کو 11فیصد کے حساب سے اضافی ادائیگی کی جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی بیجوں، کھادوں ،زرعی ادویات، زرعی ۱ٓلات اور دیگر مدات کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ اس پر اب رہی سہی کسر شوگر ملز مافیا کی جانب سے پوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کے کاشتکار انتہائی امن پسند ہیں لیکن اب ان کے صبر کو مزید نہ ۱ٓزمایا جائے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں