مون سون کی بارش نے جھنگ میں جل تھل کردیا، اکثر علاقے گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل

منگل 1 ستمبر 2020 22:11

جھنگ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2020ء) جھنگ میںمنگل کے روز ہونیوالی مون سون کی بارش نے جل تھل کردیاجس سے بستی ارائیانوالی، محلہ جوگیانوالہ، محلہ باغوالہ، محلہ سلطانوالہ سمیت شہر کے اکثر علاقے گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل ہوگئے جس کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، بند نالیاں، ابلتے گٹر ،سیوریج لائنوں کی بندش بھی عوام کیلئے عذاب بن گئی نیزکئی مقامات پر بارش کا گندا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوگیا مگر اس موقع پرمیونسپل کارپوریشن کے افسران و عملہ صفائی غائب رہے تاہم ڈپٹی کمشنرجھنگ محمد طاہر وٹو نے میونسپل کارپوریشن کے حکام کو بارشی پانی کے فوری نکاس کی ہدایت کی ہے۔

اس موقع پر شہریوں کو کئی مقامات پر نمازوں کی ادائیگی کیلئے جانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے کہا کہ اگرچہ محکمہ موسمیات نے اس بار مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے مگر پھر بھی میونسپل کارپوریشن جھنگ کی جانب سے قبل از وقت کوئی مناسب اقدامات نہ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محلہ سلطانوالہ، بستی ارائیانوالی، محلہ جوگیانوالہ، محلہ باغوالہ سمیت شہر کے اکثر علاقے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہوچکے ہیں، نالیاں کئی کئی سال سے صفائی نہ ہونے کے باعث گاب سے اٹی پڑی ہیں ،سیوریج لائنوں کی گزشتہ کئی سالوں سے ایک بار بھی صفائی ہی نہیں کی گئی اسی طرح ہر گلی محلے میں ملبے کے ڈھیر پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محلہ سلطانوالہ، بستی ارائیانوالی، محلہ جوگیانوالہ، محلہ باغوالہ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں نئے مکانات کی تعمیر کے دوران قانون کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہوئے شہریوں نے جگہ جگہ اونچے اونچے ریمپ بناکر بارشی پانی کی نکاسی کا راستہ روک دیا ہے اس پر ستم ظریفی یہ کہ بلدیہ جھنگ کے نا اہل حکام ڈسپوزل سٹیشنوں پر نصب نکاسی ۱ٓب کی مشینری کو بھی ہمہ وقت فل گنجائش کے مطابق نہ چلارہے ہیں حالانکہ پی او ایل کی مد میں ماہانہ ڈیزل و پٹرول کے نام پر لاکھوں روپیہ نکلوایا جارہا ہے مگر وہ رقم کہاں جارہی ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ جھنگ نے گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نام پر گدھا گاڑیوں کے متبادل کے طور پر لاکھوں روپے مالیتی لوڈر چنگ چی رکشے حاصل کئے تھے مگر محلہ سلطانوالہ، بستی ارائیانوالی، محلہ جوگیانوالہ، محلہ باغوالہ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں اب نہ تو وہ لوڈر رکشے نظر ۱ٓرہے ہیں اور نہ ہی ان پر تعینات عملہ صفائی کہیں نظر ۱ٓرہا ہے ۔

شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری محلہ سلطانوالہ، بستی ارائیانوالی، محلہ جوگیانوالہ، محلہ باغوالہ سمیت شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کی خصوصی مہم شروع، سالہا سال سے گاب سے اٹی ہوئی نالیوں سے گاب نکلوانے، سیوریج لائنوں کی صفائی کرواکر اس میں سے سلٹ ،کو ڑا کر کٹ و کچرا نکلوانے،جابجا پڑے کوڑے اور ملبے کے ڈھیر اٹھوانے اور ۱ٓئندہ ایام میں ہونیوالی مون سون کی مزید بارشوں کے نقصانات سے بچنے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنرجھنگ محمد طاہر وٹو نے منگل کے روز مون سون کی بارشوں کے حوالہ سے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شہر سے بارشی پانی کی نکاسی کے حوالہ سے فوری عملی اقدامات کا جائزہ لیں اور اس حوالہ سے تمام امور کی کڑی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ شہراورتحصیلوں کے نشیبی علاقوں میں پانی کا انخلاء فوری کیا جائے جبکہ گلیوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی سستی کا مظاہر ہ نہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن جھنگ کو ہدایت کی کہ اگر کسی جگہ بارش کے پانی کے جمع ہونے کی اطلاع ملے تو اس کے فوری نکاس کا بندوبست کیا جائے اورشہرکے تمام ڈسپوزل پلانٹس کو چالو حالت میں رکھا جائے تاکہ نکاسی ۱ٓب میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دوران بارش برقی آلات ، بجلی کے پولز اور بجلی کے تاروں کے پاس ہرگز نہ جائیں جبکہ گھروں کی ناقص اور غیر پختہ چھتوں کے نیچے بیٹھنے سے بھی گریز کیا جا ئے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں