انسداد پولیو مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہماری ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو

جاری انسداد پولیو مہم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائیگا،کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی،اجلاس سے خطاب

منگل 6 اکتوبر 2020 18:32

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے انسداد پولیو مہم کے پہلے دن کی کارکردگی کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوںنے محکمہ صحت کے افسران پر واضح کیا کہ جاری انسداد پولیو مہم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائیگا۔اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہماری ذمہ داری ہے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور کسی بھی پروپیگنڈے پر عمل نہ کریں کیونکہ پولیو ایک ایسا موذی مرض ہے جس کی وجہ سے بچہ ساری عمر کے لیے معذور ہو جاتا ہے ۔

پولیو جیسی موذی مرض سے بچاؤ کے لیے ہم اپنے بچوں کی صحت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ٹیمیں مشنری جذبے کے ساتھ کام کریں تب ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پایا جا سکتا ہے ۔اس حوالہ سے انسداد پولیو مہم کو زیادہ موثر اور فعال بنانے کے لیے بھر پور عوامی مہم بھی چلائی جا ئے تاکہ ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مکمل ہو۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صفدر نوید اور دیگر ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں