ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن شان الحق کاپرائس کنٹرول مکینزم پر عمل درآمد کو چیک کرنے کیلئے ضلع جھنگ کا دورہ

ضلع کے مختلف سہولت بازاروں ، عام بازاروں ، مارکیٹوں ، سیل پوائنٹس ، فلور ملز سمیت دوکانوں پر آٹے اور چینی کے سٹاک اور قیمتوں کا جائزہ لیا

بدھ 21 اکتوبر 2020 22:38

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پرمینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن شان الحق نے پرائس کنٹرول مکینزم پر عمل درآمد کو چیک کرنے کیلئے ضلع جھنگ کا دورہ کیا۔ایم ڈی پی ای ایف شان الحق نے اے ڈی سی ریونیو شاہد عباس جوئیہ اور اسسٹنٹ کمشنر محمد قاسم گل کے ہمراہ ضلع کے مختلف سہولت بازاروں ، عام بازاروں ، مارکیٹوں ، سیل پوائنٹس ، فلور ملز سمیت دوکانوں پر آٹے اور چینی کے سٹاک اور قیمتوں کا جائزہ لیا جبکہ چینی سمیت پھل ، سبزی اور کریانہ پوائنٹس پر اشیاء کی دستیابی اور ریٹ لسٹوں کوبھی چیک کیا ۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عباس جوئیہ نے ایم ڈی پی ای ایف شان الحق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صارفین کو مقررہ سرکاری نرخوں پرپھل وسبزی اور کریانہ کی اشیاء فراہم کرنے کے لئے ضلع میں 4 سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں جو مکمل طور پر فنگشنل ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ایم ڈی پی ای ایف شان الحق نے سبزی و فروٹ منڈی کا وزٹ کیا اور سبزیوں و پھلوں کی تھوک قیمتوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں خریداری کیلئے آئے شہریوں سے اشیاء کے معیار اور قیمتوں بارے بھی دریافت کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ایم ڈی پی ای ایف شان الحق نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے جس پر تیزرفتاری سے عمل درآمد جاری ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں آٹے اور چینی کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے اور فلور ملز سے سپلائی ہونے والے آٹے کا ریکارڈ چیک کیا جائے۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کے سرکاری طور پر مقررکردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کروائے اس ضمن میں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے منفی رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے اور گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، آخر میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں اور پرائس کنٹرول میکنزم پر حکومتی ہدایات کے مطابق عملدرآمد کوہر صورت یقینی بنائیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں