ڈپٹی کمشنر کا ڈی پی او کے ہمراہ جھنگ سٹی کا دورہ ،محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ

جمعرات 5 اگست 2021 22:39

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2021ء) ڈپٹی کمشنرفیاض احمد موہل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرفراز خان ورک کے ہمراہ محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے جھنگ سٹی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عباس جوئیہ ، اسسٹنٹ کمشنر عمران جعفراور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں جلوسوں کے روٹس چیک کئے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے اہم اور مرکزی جلوسوں میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جا رہے ہیں، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز کے ذریعے ہر لحاظ سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محرم روٹس پر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی وپولیس انتظامیہ کو جلوس کی حفاظتی نقطہ نظر سے کڑی نگرانی کرنے اور ہمہ وقت فیلڈ میں رہ کر سیکیورٹی سٹاف کو چوکس رکھنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوس ومجالس کے موقع پر مکاتب فکر کے علماکرام کی موجودگی اور مذہبی رواداری کی بدولت محرم سیکیورٹی پلان کو کامیابی سے ہمکنارکیا جا سکتا ہے۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس فورس کے جوان چاک و چوبند ہیں ، محرم کے حوالہ سے سیکورٹی کیلئے اضافی فورس ، روٹس کے اطراف گلیوں اور سڑکوں کو سیل کرنے ،روٹ کے راستوں میں عمارتوںکی چھتوں پر ماہر نشانہ باز پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت رضا کاروں کی مدد سے جامع تلاشی کے بعد ہی شرکا کو جلوس میں شمولیت کی اجازت دی جائیگی ۔انہوںنے مزید کہا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ماتمی جلوس اور امام بارگاہ کے اطراف روٹس کا بھی معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں