آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت پر پابندی کے باوجود شب برات کی آمد سے قبل ہی گلی محلے بارودی ماچس پٹاخوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھے

حکومت پنجاب کسی بھی بڑے سانحہ یا ناخوشگوار واقعہ سے قبل فوری طور پر آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت روکنے کیلئے اقدامات کرے ‘ مختلف مکاتب فکر کا مطالبہ

اتوار 31 مئی 2015 16:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی۔2015ء ) حکومت پنجاب کی جانب سے آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد ہونے کے باوجود شب برات کی آمد سے قبل ہی جھنگ کے گلی محلے بارودی ماچس پٹاخوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھے ہیں اور کم عمر بچوں نے پٹاس اور بارود سے تیار کردہ ماچس پٹاخوں اور اسی نوعیت کے آتش بازی کے دیگر سامان کے استعمال کے باعث اہلیان علاقہ کا ناطقہ بند کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود متعلقہ پولیس حکام اور انتظامی افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ سیاسی ،مذہبی ،دینی ، سماجی، عوامی حلقوں سمیت سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر نے مذکورہ واقعہ پر شدید احتجاج اور حکومتی پابندی کے باوجود پٹاس ، بارود سے آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سمیت حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بڑے سانحہ یا ناخوشگوار واقعہ سے قبل فوری طور پر آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت کو روکنے کیلئے سخت ترین اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال آتش بازی کے سامان کی تیاری اور فروخت کے دوران کئی ناخوشگوار واقعات میں مختلف شہروں میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوگئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ جب کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے تو پولیس ایک دو روز کیلئے متحرک ہوجاتی ہے لیکن اس کے بعد پھر پولیس حکام خواب خرگوش کے مزے لوٹنا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارود اور پٹاس سے تیار ہونے والے ماچس پٹاخے اور دیگر سامان آتش بازی گلی محلوں کی دکانوں پر کھلے عام دستیاب ہے جس سے بچے خود دھماکہ خیز مواد تیار کر کے اہلیان علاقہ کو پریشان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی زبان زد عام ہے کہ آتش بازی کا سامان تیار اور فروخت کرنے والوں کو متعلقہ تھانوں کی پولیس اور بعض پولیس افسران کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آتش بازی کا سامان تیار اور فروخت کرنے والے چند روپوں کے لالچ میں قیمتی انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بات کا بھی سراغ لگانا چاہیے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری کیلئے بارود اور پٹاس کہاں سے آرہا ہے کیونکہ یہی سامان خود کش بم دھماکوں میں بھی استعمال ہوسکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی اس سلسلہ میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں