گنداٹوآ چوک سے لولہے شاہ قبرستان تک بری طرح تباہ حالی کاشکار خاکی شاہ روڈ کی فوری ڈبل و کارپٹ روڈ تعمیر کامطالبہ

بدھ 17 جون 2015 18:51

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) جھنگ کے مرکزی قبرستان لولہے شاہ تک جانیوالی گندا ٹوا ٓ چوک سے لولہے شاہ چوک تک خاکی شاہ روڈ کی بدترین حالت حکومت ، ضلعی انتظامیہ ، ارکان اسمبلی اور متعلقہ اداروں کے ماتھے پر کلنک کاٹیکہ بن گئی ہے جبکہ روزانہ کئی کئی جنازوں کی تدفین کیلئے جانیوالے ہزاروں شہری بری طرح خوار ہونے لگے ہیں مگر ٹی ایم اے ، ہائی وے اور دیگر اداروں نے پہلے سے تعمیر شدہ بہترین حالت کی سڑکات کی لیپا پوچی کرکے کروڑوں روپے ہتھیانے کی پالیسی اپنا لی ہے لیکن لولہے شاہ قبرستان جانیوالی سڑک کی خستہ حالی پر سب کی آنکھیں بند ہوچکی ہیں جس پر شہریوں نے شدید ترین احتجاج کرتے ہوئے گنداٹوآ چوک سے لولہے شاہ قبرستان تک ڈبل کارپٹ خاکی شاہ روڈ کی فوری تعمیر کامطالبہ کیاہے۔

(جاری ہے)

جھنگ کے مختلف عوامی ، سیاسی ، سماجی حلقوں نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ خاکی شاہ روڈ جھنگ کی اہم ترین سڑک ہے جو گندا ٹوآ چوک سے لے کر شہر بھر کے تمام ذیلی راستوں کو لولہے شاہ قبرستان تک لے جانے کیلئے اہم ترین شاہراہ کی حیثیت رکھتی ہے مگر شرمناک بات یہ ہے کہ مذکورہ سڑک گزشتہ کئی سالوں سے کھنڈرات کامنظر پیش کررہی ہے مگر متعلقہ حکام پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کے باعث روزانہ کئی کئی جنازوں میں شرکت کیلئے لولہے شاہ قبرستان جانیوالے ہزاروں افراد کو شدید مشکل ، ذلت ، دشواری اور پریشانی کاسامنا کرناپڑرہاہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے بھی افسوسناک امر یہ ہے کہ مقامی ارکان اسمبلی ، مختلف محکموں کے افسران اور تمام شعبہ جات کے اہم افراد بھی خصوصی جنازوں میں شرکت کیلئے خاکی شاہ روڈ سے گزرتے ہیں لیکن ان کی بھی آنکھیں کھلنے میں نہ آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے ، محکمہ لوکل گورنمنٹ ، ہائی وے اور دیگر تعمیراتی و ترقیاتی اداروں نے جھنگ کیلئے مختص کردہ رقوم کو گدھوں کی طرح نوچنا شروع کررکھاہے اور پہلے سے بہترین حالت میں موجود سڑکات کی دوبارہ ، سہ بارہ لیپاپوچی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی رقم ہڑپ و ہضم کی جارہی ہے مگر خاکی شاہ روڈ جسے تمام سیاستدانوں ، ارکان اسمبلی ، انتظامی حکام کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اسے مسلسل نظر انداز کیاجارہاہے کیونکہ شائد ان لوگوں کو مرنا یادنہیں یا ان کی تدفین لولہے شاہ قبرستان میں نہیں ہوناہوگی۔

انہوں نے کہاکہ لولہے شاہ قبرستان جانیوالی خاکی شاہ روڈ پر جابجا ناجائز تجاوزات بھی قائم ہو چکی ہیں جس کے باعث جنازوں کا گزرنا محال ہو رہاہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ضلعی انتظامی حکام ، ارکان اسمبلی ، ٹی ایم اے کے افسران فوری طور پر خاکی شاہ روڈ کی جانب توجہ مبذول کریں گے اور گند اٹوآ چوک سے لولہے شاہ قبرستان تک جانیوالی سڑک کو ڈبل و کارپٹ تعمیر کروایا جائیگا۔

انہوں نے مزید بتایاکہ چونکہ جنازوں میں شرکت کیلئے اکثر اوقات باہر سے متوفیان کے عزیز و اقارب اور شہر کے اہم افراد گاڑیوں پر آتے ہیں مگر ان کا جنازگاہ تک پہنچنا ممکن نہیں رہتا اس لئے وہ دور درا ز سے آنے کے باوجود سڑک کی خستہ حالی کے باعث قبرستان پہنچ کرجنازوں میں شریک نہ ہوپاتے ہیں۔ انہوں نے خادم اعلیٰ پنجاب سے بھی صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں