ایکسین محکمہ انہار نے کروڑوں روپے کے ٹینڈرز میں کرپشن کی تاریخ کو شرماکر رکھ دیا ۔ 46 ملین روپے سمیت بعض دیگر کاموں کے ٹینڈرز میں بوگس سی ڈی آرز لگانے کا بھی انکشاف ۔ ٹھیکوں کا تمام ریکارڈ فوری قبضہ میں لے کر تحقیقات کامطالبہ

بدھ 17 جون 2015 18:51

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) ایکسین محکمہ انہار جھنگ ڈویژن ایل سی سی ویسٹ جھنگ نے کروڑوں روپے کے ٹینڈرز میں کرپشن کی تاریخ کو شرماکر رکھ دیا ہے جبکہ 46 ملین روپے سمیت بعض دیگر کاموں کے ٹینڈرز میں بوگس سی ڈی آرز لگانے کا بھی انکشاف ہواہے جس پرعوامی حلقوں نے ٹھیکوں کا تمام ریکارڈ فوری قبضہ میں لے کر تحقیقات کامطالبہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ ایگزیکٹو انجینئر جھنگ ڈویژن ایل سی سی ویسٹ جھنگ نے اخبارات میں کروڑوں روپے کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے مشتہر کئے تھے جن میں سے 46بلین روپے کی لاگت کاجھنگ فلڈ پروٹیکشن بند کی توسیع کا ٹھیکہ بھی شامل تھا جس کے بارے میں انکشاف ہواہے کہ مذکورہ ٹھیکہ جس فرم کو بھاری نذرانہ کے عوض الاٹ کیاگیا ہے اس کی 2فیصد زر ضمانت کی سی ڈی آر جعلی وبوگس ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح موصوف نے معاون عملہ و بد دیانت ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے خزانہ سرکار کو لاکھوں روپے کاٹیکہ لگانے کی کوشش کی ہے۔ اسی طرح 5لاکھ 70ہزار روپے مالیت کے مین کینال ریسٹ ہاؤس جھنگ کی سپیشل مرمت کے کام میں بھی قواعد وضوابط کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ یہاں یہ امر بھی انتہائی قابل ذکر ہے کہ ا س ٹھیکہ کی تکمیل کیلئے 15دن کاوقت مقرر کیاگیاہے جو کسی صورت قابل عمل نہیں۔

علاوہ ازیں 2لاکھ 47ہزار روپے اور ایک لاکھ 53ہزار روپے مالیت کے دو ٹھیکوں کی الاٹمنٹ بھی منظورنظر ٹھیکیداروں کو فل ریٹس پر کردی گئی ہے۔ مزید برآں جب سے مذکورہ آفیسر نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالا ہے اس وقت سے محکمہ میں سنگین ترین کرپشن ، بد عنوانیوں ، بے ضابطگیوں ، بے قاعدگیوں کا دور درہ ہے مگر بااثر ہونے کے باعث کوئی ان پر ہاتھ ڈالنے کی جرأت نہ کر پارہاہے ۔ جھنگ کے عوامی ، سیاسی ، سماجی حلقوں نے خادم اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر حکام سے صورتحال کافوری نوٹس لینے ، مبینہ کرپٹ ایکسین و معاون عملہ کو تبدیل اورٹھیکے منسوخ کرکے اوپن ٹینڈرنگ کے ذریعے دوبارہ نیلام کرنے کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں