ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ذیل گھر میں لگایاجانیوالاسستا رمضان بازار پہلے روز ہی بری طرح ناکام

کھجوروں ، لیموں، کولڈ ڈرنکس سمیت مختلف اشیائے ضروریہ رمضان بازار سے غائب ، چکن ، چھوٹے ، بڑے گوشت کا صرف ایک ایک سٹال ، چینی کے واحد سٹال پر لوگوں کی شدید گرمی میں لمبی لائنیں ،شہریوں کاشدید احتجاج

جمعہ 19 جون 2015 18:16

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 جون۔2015ء) ضلعی انتظامیہ جھنگ ، ٹی ایم اے ، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ذیل گھر فوارہ چوک شہید روڈجھنگ صدر میں لگایا جانیوالاسستا رمضان بازار پہلے روز ہی بری طرح ناکام ہو گیاجہاں کھجوروں ، لیموں، کولڈ ڈرنکس سمیت مختلف اشیائے ضروریہ رمضان بازار سے غائب نظر آئیں جبکہ چکن ، چھوٹے ، بڑے گوشت کا صرف ایک ایک سٹال لگایا گیاجہاں غیرمعیاری گوشت کے باعث عوام نے خریداری کے ضمن میں کسی دلچسپی کامظاہرہ نہیں کیا نیز چینی کے واحد سٹال پر لوگوں کی شدید گرمی میں لمبی لائنیں لگی رہیں اور آٹے کے سٹال پر بھی شناختی کارڈ نہ دکھانے والوں کو آٹا فراہم نہیں کیاگیا۔

دوسری جانب بااثر پھل ، سبزی ، مصالحے ، گوشت فروشوں نے انتظامیہ کے برعکس تحصیل روڈ پر سیشن ہاؤس کی دیوار کے ساتھ اپنا متوازی بازار لگا لیا ہے جہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی 100سے 200گنا تک بڑھادی گئی ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سیشن ہاؤس کی دیوار کے ساتھ تحصیل روڈ پر لگائے گئے پھلوں ، سبزیوں، گوشت ، مصالحوں ،گراسری ، دیگر اشیائے ضروریہ کی تمام ریڑھیاں ، چھابے ، سٹال فوری طورپر ہٹا کر ذیل گھر کی وسیع و عریض جگہ پر لگائے گئے رمضان بازار میں منتقل کرنے کامطالبہ کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تمام دوکانداران ، گوشت ، پھل ، چینی ، گھی ، آٹے ، کھجورں ، لیموں ،کولڈ ڈرنکس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے تمام دوکانداروں ، سٹالز مالکان ، ریڑھی چھابڑی فروشوں نے اپنا حق سمجھ کر شریف شہریوں ، روزہ داروں کی جیبوں پر دن دہاڑے ڈاکے ڈالنے شروع کردیئے ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تین گنا تک اضافہ کردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ جو سیب کل تک مارکیٹ میں 120سے 150روپے کلو دستیاب تھا وہ 250 سے350 روپے فی کلو کر دیاگیاہے۔ اسی طرح کیلے کی قیمت بھی 80روپے فی درجن سے بڑھاکر 120روپے فی درجن کردی گئی ہے حتیٰ کہ دیگرتما م اشیائے کی قیمتیں بھی اسی طرح بڑھا دی گئی ہیں مگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور انتظامی افسران مارکیٹ میں چھاپے مارنے کی بجائے شدیدگرمی سے چالوہوکر ایئرکنڈیشنڈدفاتر تک محدود ہوکررہ گئے ہیں جس پر شہریوں میں شدیداضطراب پایاجاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ یہی صورتحال بشیر چوک سیٹلائٹ ٹاؤن اور جھنگ سٹی میں لگائے گئے رمضان بازاروں کی بھی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹی ایم اے حکام کی بھتہ وصولی نے ریڑھی ،چھابڑی ، سبزی ، پھل فروشوں کواس قدر ڈھیٹ بنادیاہے کہ وہ رمضان بازار میں جانے کو تیار نہیں۔ شہریوں نے تحصیل روڈ پر سیشن ہاؤس کے ساتھ لگائے گئے تما م ٹھیلے ، سٹال ، ریڑھیاں ، چھابڑیاں اورپھٹے ختم کروا کر تمام پھل ، سبزی ، گوشت ، مصالحہ جات فروشوں کو ذیل گھر کے سستے رمضان بازار میں منتقل کرنے کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں