وزیر اعظم کے سخت نوٹس اور عابد شیرعلی کے معافی مانگنے سمیت شہری علاقوں میں گھریلو صارفین کیلئے 6گھنٹے بجلی کی بندش کے اعلان کے برعکس بد ترین لوڈ شیڈنگ نے تمام ریکارڈ مات کر دیئے‘ علاقہ سول لائن میں بجلی کی بندش کادورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کرگیا ‘ نماز عشاء ، نماز تراویح سمیت سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی کی بندش پر صارفین سراپا احتجاج

فیسکو ‘ وزارت پانی و بجلی اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کو جھولیاں پھیلا کربد دعائیں‘ ارباب اختیار سے نوٹس لینے کامطالبہ

ہفتہ 20 جون 2015 20:34

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء ) وزیر اعظم نواز شریف کے سخت نوٹس اوروزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کے معافی مانگنے سمیت شہری علاقوں میں گھریلو صارفین کیلئے 6گھنٹے بجلی کی بندش کے اعلان کے برعکس ہفتہ کو دوسرے روزے کے دن بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ نے تمام ریکارڈ مات کر دیئے جبکہ واپڈا فیسکو سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے علاقہ میں بجلی کی بندش کادورانیہ 18گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا حتیٰ کہ نماز عشاء ، نماز تراویح سمیت سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی کی بندش پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے اور فیسکو ، وزارت پانی و بجلی اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کو جھولیاں پھیلا کربد دعائیں دیتے رہے نیز انہوں نے ارباب اختیار سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران بد ترین لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمہ کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے بھی طویل لوڈشیڈنگ پر عوام سے معافی مانگتے ہوئے اعلان کیاہے کہ گھریلو صارفین کیلئے چھ، دیہی علاقوں کیلئے آٹھ گھنٹے ، بڑی انڈسٹری کیلئے آٹھ گھنٹے جبکہ مکس انڈسٹری کیلئے چھ گھنٹے کے لوڈ مینجمنٹ شیڈول پر عمل کیا جائیگامگر اس کے برعکس مذکورہ سب ڈویژن میں نماز عشاء ، نماز تراویح ، سحر وافطار کے اوقات میں بد ترین لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سول لائن سب ڈویژن جھنگ میں ہر پانچ ، دس منٹ بعد بجلی کی ٹرپنگ کی آڑ میں بجلی بند کردی جاتی ہے جبکہ شام و رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کا جو دورانیہ ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے تک تھا اسے اب بجلی کی بندش کے ضمن میں دو دو گھنٹے تک بڑھا دیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ رات بھی ساڑھے نو بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک بجلی بند رکھی گئی جس کے باعث نماز عشاء اور نماز تراویح ادا کرنے والے افراد کو شدید مشکل کا سامنا کرناپڑا۔

انہوں نے بتایاکہ ہفتہ کی صبح سحری سے صرف آدھ گھنٹہ قبل بجلی کی سپلائی بحال کی گئی اسی طرح گزشتہ روز افطار سے آدھ گھنٹے قبل بجلی چالو کی گئی ۔ انہوں نے بتایاکہ قبل ازیں سول لائن سب ڈویژن میں دوپہر ساڑھے تین بجے سے ساڑھے چار بجے تک بجلی بند کی جاتی تھی جس کادورانیہ مزید ایک گھنٹہ بڑھادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسی طرح رات ساڑھے بارہ بجے ایک گھنٹے کیلئے بند کی جانیوالی بجلی کادورانیہ بھی دو گھنٹے کردیاگیاہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی نے اعلان کیاہے کہ شدید گرم موسم کے باعث بجلی کی طلب 18ہزار 500میگاواٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے اور حکومتی کوششوں کے باعث 16ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کی گئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے اس طر ح عملی طورپر صرف 2500میگاواٹ بجلی کاشارٹ فال ہے مگر اس کے برعکس سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے علاقوں میں 18،18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا ترہے۔

انہوں نے کہاکہ فیسکو حکام انتہائی ڈھٹائی ، بد دیانتی ، جھوٹ ، مکر ، فریب کاسہارالے کر شہری علاقو ں میں چھ سے آٹھ گھنٹے تک بجلی کی بندش کے اعلانات کررہے ہیں مگر باضابطہ لوڈشیڈنگ کاشیڈول جاری نہ کیاجارہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابدشیرعلی اور چیف ایگزیکٹو فیسکو سے کرپٹ ، نااہل ایس ڈی او سول لائن سب ڈویژن واپڈا فیسکو جھنگ کو فوری معطل و تبدیل اور مذکورہ علاقہ کیلئے میڈیاکے ذریعے بجلی کی بند ش کاشیڈول مشتہر کرنے کابھی مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں