جھنگ میں تہرے قتل کا ملز م گرفتار

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:14

جھنگ۔26 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 دسمبر۔2015ء) پولیس نے جدید طریقہ تفتیش کے عمل کو برؤے کار لاتے ہوئے تہرے قتل کی واردات کا نہ صرف سراغ لگایا بلکہ قاتل کو بھی گرفتار کر لیا۔یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو نے منعقدہ ایک خصوصی پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی عادل میمن،ڈی ایس پی سٹی طاہر کھچی ،ایس ایچ او تھانہ صدرخادم حسین ،پی آر او علی رضا،تفتیشی افسران اور دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نواحی علاقہ مکھیانہ میں میاں بیوی اور انکے معذور بیٹے کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا تھا اورا س اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرنا پولیس کیلئے ایک چیلنج بن گیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک خصوصی تقتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے جدید خطوط پر تفتیش مکمل کرتے ہوئے مقتولین کے داماد مصور امام کو گرفتار کر لیا جس نے دوران تفتیش اپنے سسر،ساس اور معذور سالے کو کلہاڑی، ٹوکہ اور چھریوں کے وار سے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔

ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے بتایا کہ ملزم مصور امام اپنی بیوی کو کسی دوسرے گاؤں میں رکھنا چاہتا تھا مگر وہ اپنے سسرالیوں کو اس میں رکاوٹ تصور کرتا تھا جس کی بنیاد پر افسوس ناک قتل کی واردات کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں