حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 11 مئی 2008 15:10

جھنگ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11مئی2008 ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور صوبہ کی تعمیر وترقی کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے ہمیں آٹے، بجلی اور مالی بحران ورثے میں ملے ہیں جن کو حل کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے جھنگ کے نواحی علاقہ گڑھ مہاراجہ میں مسلم لیگی ورکرز، عمائدین شہر،منتخب نمائندوں اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کی بدولت وطن عزیز آج شدید بحرانوں کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت صوبے میں عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہے جبکہ روزگار کی فراہمی ،صحت کی بہتر سہولیات، معیاری تعلیم نوجوانوں کے روشن مستقبل اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہم محنت اور عوام کے تعاون سے بہت جلد پنجاب کے عوام کی قسمت بدل دیں گے اور بہت جلدسابق حکمرانوں کے پیدا کردہ تمام مسائل پر قابو پالیں گے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کس کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرے گی تاہم عوام کے تعاون سے صوبہ سے جرائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صوبہ میں پروفیشنل دیانتداراور اچھی شہرت کے حامل افسران تعینات کئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے بغیر ملک میں انصاف اور حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں