ممبر صوبائی اسمبلی جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کاغذات نامزدگی 27اور 28 اکتوبر کو وصول کئے جائیں گے٬امیدواروں کی حتمی فہرست 11نومبر کو جاری ہو گی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:14

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) 11مئی 2013ء کے عام انتخابات میں حلقہ پی پی ۔78شہری نشست جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے انعقاد کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی 27اور 28 اکتوبر کو وصول کئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 11نومبر کو جاری ہو گی نیز پولنگ کیلئے یکم دسمبر کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ حلقہ پی پی ۔78 شہری نشست جھنگ II کی ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی خواتین پنجاب کی نااہلی کے فیصلہ کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی 27اکتوبر بروز جمعرات اور 28اکتوبر بروز جمعہ کو وصول کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم نومبر بروز منگل اور 2نومبر بروز بدھ کو ہو گی۔

انہوںنے بتایاکہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 5نومبر بروز ہفتہ کو وصول کی جائیں گی جن پر فیصلے 8نومبر بروز ہفتہ کو کر دیئے جائیں گے۔انہوںنے بتایاکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 10نومبر بروز جمعرات کو واپس لیے جا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 11نومبر بروز جمعہ کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور انتخابات کیلئے پولنگ یکم دسمبر بروز جمعرات کو ہو گی۔

یاد رہے کہ 11مئی 2013ء کو منعقد ہونے والے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی ۔78شہری نشست جھنگ (سابقہ حلقہ پی پی ۔77 جھنگ 5) کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شیخ محمد یعقوب سابق ایم پی اے کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا مگر پولنگ سے چند روز قبل انہیں نا اہل قراردے دیا گیا جس کے باعث الیکشن کے آخری ایام میںشیخ محمد یعقوب کی اہلیہ راشدہ یعقوب شیخ کو مسلم لیگ (ن ) کا ٹکٹ جاری کیا گیا جنہوںنے مذکورہ الیکشن میں 42870ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل متحدہ دینی محاز کے امیدوار اہل سنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 40938 ٬پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر ابو الحسن انصاری نے 10217٬آزاد امیدوار شیخ دانیال اقبال نے 8665٬ آزاد امیدوار وقار احمد انصاری نے 5950٬ آزاد امیدوار سید اختر عباس شیرازی نے 2725٬ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار استقلال حسین قیصر نے 388٬ آزاد امیدوار ملک صہیب عمار نے 295٬آزاد امیدوار ایم عرفان چوہدری نے 250٬ آزاد امیدوار آصف نواز مگھیانہ نے 223٬ جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ کے امیدوار قار ی محمد انعام المصطفی نی202٬ پی اے پی کے امیدوار رانا محمد زاہد رشید نی160٬جماعت اسلامی پاکستان کے امیدوار محمد طارق فاروق صابری نے 158٬ آزاد امیدوار شیخ محمد اکرم نے 120 ٬ آزاد امید وار اللہ دتہ نے 76٬ آزاد امیدوار ذوالفقار علی خان نے 74٬ آزاد امیدوار غازی محمد سعد اللہ ضیغم نے 74٬ آزاد امیدوار سیدہ عاصمہ نقوی نے 71٬آزاد امیدوار شیخ محمد فاروق نے 56٬آزاد امیدوار میاں رمضان شریف بھٹی نے 55٬ آزاد امیدوار شیخ شیراز اکرم نے 55٬آزاد امیدوار شیخ وحید احمد نے 53٬آزاد امیدوار حاجی ذوالفقار علی انصاری نے 43٬آزاد امیدوار ملک محمد ارشد اچھی نے 40٬ متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار رانا کلیم الرحمن خان نے 39٬آزاد امیدوار پیر سید آغا طارق گیلانی نے 37٬آزاد امیدوار محمد حسن رضا عامر سرگانہ نے 34٬ آزاد امیدوار شیخ زین العابدین نے 32٬ آزاد امیدوار مولانا عبدا لغفور جھنگوی نے 18٬ آزاد امید وار ملک محمد سعید اختر نے 16٬آزاد امیدوار ملک محمد اسلم نے 15٬ آزاد امیدوار ملک غلام یاسین ایڈوکیٹ نے 12٬جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کے امیدوار چوہدری شہباز احمد گجر ایڈوکیٹ نے 11 ٬ پی ایف پی کے امیدوار چوہدری محمد رفیع نے 9 اور آزاد امیدوار چوہدری انوار علی جٹ نے 9ووٹ حاصل کئے تھے۔

یاد رہے کہ بعد ازاں مولانا محمد احمد لدھیانوی نے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ جنہیں پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی خواتین بھی مقرر کیا گیا تھا کے خلاف الیکشن ٹربیونل فیصل آباد ریجن میں انتخابی عذر داری دائر کر دی جس کی تقریباً اڑھائی سال تک تفصیلی سماعت کے بعد ٹربیونل کے جج جاوید رشید محبوبی نے راشدہ یعقوب کو ناہل قرار دے دیا۔

مذکورہ فیصلہ کے خلاف اپیل کرتے ہوئے راشدہ یعقوب شیخ نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے حکم امتناعی حاصل کر لیا مگر گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے الیکشن ٹربیو نل کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے احکامات صادر کر د ئیے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حلقہ پی پی ۔78جھنگ میں دوبارہ ضمنی الیکشن کروانے کی ہدائت کی جس پر الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کر دیا۔مذکورہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی جھنگ میں زبر دست سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے اور مختلف امیدواروں نے الیکشن لڑنے کیلئے صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں