جھنگوی گروپ آج تک کسی بھی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث نہیں رہا ‘مسرور نواز جھنگوی

یہ صرف مخالفین کا جھوٹا پراپیگنڈہ ہے‘کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں اور جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے ‘میڈیا سے گفتگو

پیر 23 جنوری 2017 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء)جھنگ سے نومنتخب رکن اسمبلی مسرور نواز جھنگوی نے کہا ہے کہ جھنگوی گروپ آج تک کسی بھی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث نہیں رہا ، یہ صرف مخالفین کا جھوٹا پراپیگنڈہ ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران حلف اٹھانے اور میڈیا سے گفتگو کے دوران مسرور نواز جھنگوی نے کہا کہ میں نے حلقہ پی پی 78جھنگ سے انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لیا ، میں نے اپنے جھنگوی گروپ کی بنیاد پر کوئی ووٹ نہیں لیا اور کامیابی جھنگ شہر کی ترقی اور امن و امان قائم رکھنے کے ایجنڈے کے باعث حاصل ہوئی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نہ تو ہم نے کوئی دہشتگردی کی اور نہ ہی جھنگوی گروپ آج تک کسی بھی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث نہیں رہا ، یہ صرف میرے خلاف مخالفین کا جھوٹا پراپیگنڈہ ہے ، ایسی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ، میرا منشور فرقہ بندی کو روکنا اور اپنے حلقے کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانا ہے ۔

(جاری ہے)

مسرور نواز جھنگوی نے کہا کہ میں جمعیت علماء اسلام میں شامل ہو چکا ہوں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جھنگ میں میڈیکل کالج ،یونیورسٹی اور انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کی جائے ۔ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں اس کے ساتھ وہاں سول ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے بے روزگاری ختم کرنے کے لئے فری انڈسٹری زون قائم کیے جائیں صفائی کا مسئلہ حل کیا جائے ‘ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں اور جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں