کسان جدید طریقہ کاشت اپنا کر فی ایکڑ پیدوار میں اضافہ کرکے مالی طور پر مستحکم ہو سکتے ہیں،ڈپٹی کمشنر

پیر 6 مارچ 2017 22:02

جھنگ۔6 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ نے کہا ہے کہ کسان اور کاشتکار حضرات محکمہ زراعت کی معاونت اور جدید طریقہ کاشت اپنا کر فی ایکڑ پیدوار میں اضافہ کرکے مالی طور پر مستحکم ہو سکتے ہیں۔ یہ بات انہوںنے ہفتہ جڑی بوٹی مکائو مہم کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریونیو)محمد اویس ملک، اے سی (یو ٹی) بلال بن عبدالحفیظ سمیت محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ نے کہا کہ ہفتہ جڑی بوٹی مکائو مہم کی بھرپور کامیابی کیلئے تمام وسائل برئوے کار لائیں جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس حوالہ سے دیہات کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ان میں کاشتکاروںکی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس خصوصی مہم کے دوران فارمرڈے کے انعقاد اور تربیتی پروگرام کی طرف بھی خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی سے فی ایکڑ پیدوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے محکمہ زراعت کے افسران پر واضح کیا کہ وہ عام کسان اور چھوٹے کاشتکاروں کو ٹیکنیکل سپورٹ اوردیگرسہولیات فراہم کرکے ان کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی لائیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں