پنجاب حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے مختلف پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہے، سیکرٹری زراعت

پیر 6 مارچ 2017 22:02

جھنگ۔6 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) صوبائی سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر)محمد محمودنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے مختلف پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عام کسان تک بھی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں کسانوں اور کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی معاونت اور جدید طریقہ کاشت اپنا کر فی ایکڑ پیدوار میں اضافہ کرکے وہ مالی طور پر مستحکم ہو سکتے ہیں جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر بھی پڑے گا۔

وہ گزشتہ روز ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں حکومت کی جانب سے محکمہ زراعت کے افسران کودیئے گئے ٹارگٹس اور ٹاسک کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرر ہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ ، ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد ڈویژن چوہدری عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ اور اے سی (یو ٹی) بلال بن عبدالحفیظ کے علاوہ محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر)محمد محمودنے کہا کہ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے سلسلہ میں کسانوں کی رجسٹریشن جبکہ کسان کارڈ کے اجراء کیلئے جاری رجسٹریشن کا عمل بھی تیز کیا جائے تاکہ کاشتکار حکومت پنجاب کی انقلابی سکیموں سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔ صوبائی سیکرٹری نے محکمہ زراعت کے افسران اورعملہ کو ہدایات دیں کہ وہ عام کسان اور چھوٹے کاشتکاروں کو ٹیکنیکل سپورٹ اورسہولیات فراہم کرکے ان کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی لائیں۔

انہوںنے سوائل سیمپلنگ کے اہداف اور دیگر اقدامات کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ کاردکردگی نہ دکھانے والے زراعت افسران جوابدہ ہونگے۔ صوبائی سیکرٹری محمد محمودنے کہا کہ زرعی شعبے میں حکومتی ترجیحات واضح ہیں اس سلسلہ میں مقررہ اہداف کے حصول میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوںنے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی تمام تر توجہ چھوٹے کسانوں کی ترقی و فلاح پر مرکوز ہے ۔

ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد ڈویژن چوہدری عبدالحمیدنے سیکرٹری کو کاشتکاروں کی رجسٹریشن ، کسان کارڈ کیلئے جاری اقدامات اور زرعی پالیسیو ں پر ٹارگٹس کے حصول کے بار ے آگاہ کیا۔ قبل ازیں صوبائی سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر)محمد محمودنے گورنمنٹ کجھور فارم کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوںنے معائنہ کے دوران واٹر چینل کو مزید موثر اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔

انہوںنے متعلقہ زراعت افسران کو ہدایات دیں کہ وہ کجھور کے پودوں کی زیادہ سے زیادہ افزائش کرکے کسانوں اور کاشتکاروں میں تقسیم کریں تاکہ وہ اس پھل دار درخت سے مالی فوائد حاصل کر سکیں۔دریں اثناء انہوں نے کھجور فارم میں پودا بھی لگایا ۔بعد ازاں صوبائی سیکرٹری نے محکمہ زراعت کے دفتر میں بیالوجیکل کنٹرول لیب اور مختلف سیکشنز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں