حکومت شعبہ زراعت کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 16 مارچ 2017 23:53

جھنگ۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ حکومت شعبہ زراعت کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے لہٰذا کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔وہ گزشتہ روز ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں محکمہ زراعت کی جانب سے منعقدہ ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں محکمہ زراعت ، محکمہ انہار،لائیو سٹاک،فیسکو،واٹر مینجمنٹ ،سیڈ کارپوریشن بنکوں کے افسران ، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ کسانوں اور کاشتکاروں کے نمائندوںنے شرکت کی۔

اجلاس میں فصل ربیع و خریف کے کاشت کے ٹارگٹ کا جائزہ، بیجوں اور کھاد کی فراہمی میں درپیش مسائل،گنے کے کاشتکاروں کی واجب الادا رقوم،نہری پانی کی فراہمی ، زرعی قرضہ جات کے حصول میں مشکلات ،حیوانات کے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، پانی کے کھالوں کو پختہ کرنے اور لوڈ شیڈنگ کے شیڈول،شجر کاری ،تجزیہ زمین و پانی کے علاوہ دیگر زراعت سے متعلقہ دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں اور کسانوں کی رہنمائی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بھرپور آگاہی دیں۔ انہوںنے کہا کہ جعلی اور ملاوٹ شدہ کھاداور غیر ملکی یوریا کنٹرول ریٹ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والے کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائیگی ۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے کسانوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء ، لوڈشیڈنگ شیڈول ، حیوانات کیلئے جاری ویکسی نیشن،بنکوں سے قرضہ جات کی وصولی اور مختلف فصلات کی کاشت کے حوالہ سے درپیش مسائل ، بغیر لائسنس زرعی ادویات کی فروخت اور دیگر مسائل بارے فرداً فرداًمعلومات حاصل کیں اور موقع پر ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں