جھنگ ،گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں ایم اے کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان

منگل 21 مارچ 2017 19:32

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء)گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر کو پوسٹ گریجوایٹ کالج کا درجہ دینے کیلئے ایم اے کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان کردیا گیاہے جبکہ 6 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے کلاس رومز کی تعمیر،کمپیوٹرز، مشینری کی خریداری اور پرانی عمارت کی مرمت بھی کی جائیگی ۔ڈائریکٹرکالجز فیصل آباد ڈویژن پروفیسر رانا منور خان نے کالج کے دورہ اور ایک تقریب سے خطاب کے دوران ادارہ کی سربراہ پروفیسر مسز عابدہ شہباز کی انتظامی صلاحیتوں اور تدریسی سٹاف کی محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ عورت ہی بہترین معاشرے کا معیار ہوتی ہے لہٰذا معاشرے کی تشکیل محمدؐ کی تعلیمات اور اسلامی خطوط پر استوار کرنے کیلئے طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انکی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس ادارہ کو پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ کا درجہ دینے کیلئے ایم اے کی کلاسوںکا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سکیم کے تحت کالج کو 6کروڑ ورپے کی گرانٹ فراہم کی جائیگی جس کے تحت نئے کلاس رومز کی تعمیر،کمپیوٹر اور مشینری کی خریداری اور پرانی عمارت کی مرمت بھی کروائی جائیگی۔ رانا منور خان نے طالبات پر زور دیا کہ وہ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کی فکر کو اپناتے ہوئے ملک کی تعمیرو ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبے کی بہتری اور علم کی کرنیں صوبہ کے ہر کوچے میں بکھیرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کررہی ہے نیز اس ضمن میں ملک و قوم کی تیز رفتار ترقی کیلئے کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔قبل ازیں پرنسپل کالج پروفیسر مسز عابدہ شہبازنے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں طالبات کی کامیابی اور اعلیٰ کارکردگی کی تفصیلات بیان کیں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی ڈائریکٹرکالجزنے گزشتہ چار سالوں کے دوران نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں شیلڈز،سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے ۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر کالجز،ضلع کے دیگر کالجوں کے سربراہان ،کالج ہذاکی خواتین اساتذہ کرام ،طالبات اور والدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں