تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے دوران قواعدو ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 مارچ 2017 00:31

جھنگ ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے مارکیٹ کمیٹی ، تحصیل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے دوران حکومت پنجاب کی طرف سے وضع کئے گئے قواعدو ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ یہ ہدایات انہوںنے ایک ٰخصوصی اجلاس کے دوران جاری کیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری ،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ، اور دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ کے دوران اٹھارہ ہزاری کے علاقہ میں سبزی و پھل منڈی کے قیام کے منصوبہ کے تعمیراتی کام کے آغاز کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں 32کنال 17مرلے پر بنائی جانے والی فروٹ و سبزی منڈی میں ابتدائی طورپر 61دکانیں تعمیر کی جائینگی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔

ڈپٹی کمشنر نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے آغاز سے قبل تمام پہلوئوں کا بغورجائزہ لیا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں