انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام محکموں کو مربوط انداز میںذمہ داریاں اداکرنے کی ہدایت

ہفتہ 8 اپریل 2017 22:43

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام محکموں کو مربوط انداز میںذمہ داریاں اداکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مہم کی نگرانی کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ یہ ہدایات انہوںنی17اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوسجاد احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنرز ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرحبیب احمد بٹر،قائم مقام سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حافظ غلام قادراور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے تمام مراحل تربیت یافتہ سٹاف کے ذریعے مکمل کئے جائیں کیونکہ انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی دوہری جانچ پڑ تال بھی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

سی ای او ڈاکٹر غلام قادر بریفنگ کے دوران بتایا کہ انسداد پولیو کی آئندہ قومی مہم 17سے 19اپریل تک جاری رہے گی اس ضمن میں والدین کی آگاہی کے لئے ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ تعلیمی اداروں ،بس و ویگن سٹینڈز، ریلوے اسٹیشن ، پارکس اوردیگر عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کو متحرک رکھا جائے تاکہ پانچ سال تک کی عمرکا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔

انہوںنے مزید بتایا کہ پانچ سال تک کی عمر کے چا ر لاکھ65ہزار3سو سے زائد بچوںکو پولیو ویکسین پلانے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے 1063ٹیموں کیلئے 196ایریا انچارج تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 923موبائل اور97فکسڈ جبکہ 43ٹیمیں لاری اڈوں ،ریلوے اسٹیشن اور چکوک میں ڈیوٹی سرانجام دیں گی ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ تین روزہ مہم کے بعد اضافی دو دن انسداد پولیو مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں تک رسائی حاصل کرکے پولیو ویکسین پلائی جائیگی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ انسداد پولیو مہم کے قومی فریضہ کی انجام دہی میں غفلت اور لاپرواہی اور فرضی کارکردگی ظاہر کرنے والے عملہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں