مسلم لیگ ن کی حکومت نے جس طرح ضلع جہلم میں ترقیاتی کام کروائے اس کی مثال بھی نہیں ملتی، ن لیگی رہنماء

اتوار 22 جولائی 2018 19:20

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) مسلم لیگ ن کی حکومت نے جس طرح ضلع جہلم میں ترقیاتی کام کروائے اس کی مثال بھی نہیں ملتی،اسی لیے آج مسلم لیگ ن عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی راہنمائوں وسیم شکور بٹ،خان ظہیر خان،چوہدری اسیس جاوید،خواجہ برہان،شیخ عثمان،سہیل ڈار،شیخ نور عالم،عارف پرنس،مرزا آفتاب جرال،سردار اخلاق احمد نے ہزاروں موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چوہدری فرخ الطاف کے دور میں کیے گئے مظالم کو کون نہیں جانتا جبکہ آج ان کا ضمیر جعفری سٹیڈیم میں ہونے والا جلسہ ان کے اچھے کاموں کی نشاندہی کرتا ہے کہ تحریک انصاف کے قائد کو بلا کر انہیں جو عزت دی گئی وہ انہی کے کارناموں کی وجہ سے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور مرد آہن پنجاب حمزہ شہباز کے ساتھ ساتھ امیدواران حلقہ این اے 67,66چوہدری ندیم خادم،نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی خان،امیدوار صوبائی اسمبلی مہر محمدفیاض،چوہدری لال حسین،حاجی ناصر للٰہ،نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان کی قیادت میں جس طرح اجتماعات کی صورت میں جلسے منعقد ہورہے ہیں وہ ہماری مقبولیت کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کا ترجمان بن کر کوئی ضلع جہلم کی سیاست پر حاوی نہیں ہو سکتا،جبکہ اس نے جن لوگوں کو پی پی 27کے ٹکٹ دینے کے لیے ساتھ لگایا ان کو وقت آنے پر سرخ جھنڈی دکھا دی اور اب عوام باشعور ہو چکے ہیں انہی محسوس ہو چکا ہے کہ یہ ہمیں بھی سرخ جھنڈی دکھائے گا اسی لیے وہ عمران خان کے جلسہ میں نہیں آئے جس کا علم عمران خان کو ہو چکا تھا لیکن 25جولائی کو مسلم لیگ ن ضلع جہلم سے کلین سویپ کر کے عوامی محبت کا جھنڈا بلند کریگی۔

انہوں نے کہا کہ شیر نے ملک پر راج کرنا ہے جبکہ کھلاڑیوں نے کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم ان کو کرکٹ کھیلنے کا بھر پور موقع دیںگے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں