جہلم شہر و گردونواح میں گیس کی شدید قلت شہری پریشان

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:30

جہلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) جہلم شہر و گردونواح کے علاقوں میں گیس کی شدید قلت نے شہریوں کو پریشان کردیا، گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہو گئے ، شہری بازار کے ناقص وغیر معیاری مہنگے کھانے استعمال کرنے پر مجبور ، شہریوں نے صحافیوں سے گیس کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے مگر افسوس کی بات ہے کہ سردیوں کا آغاذ ہوتے ہی چولہا جلانا ہی مشکل ہو گیا ہے ایک طرف تو گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا گیا ہے دوسری جانب گیس کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے جیسے بارش ہوتی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے اس کے ساتھ ہی گیس بھی غائب ہو جاتی ہے ، اس صورتحال سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، شہریوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے ،وزیراعظم عمران خان اس مسئلے کا نوٹس لے کر شہریوں کو ریلیف فراہم کریں ، دوسری جانب گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ہلکی ہلکی گیس آتی تھی اور مشکل سے کھانا پکا لیا جاتا تھا مگر اب تو بالکل ہی گیس غائب ہو گئی ہے اور جب اس حوالے سے سوئی نادرن گیس کے نمائندوں سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ جھوٹی طفل تسلیاں دے کر ٹرخا دیتے ہیں جس کیوجہ سے بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی شروع ہو چکی ہے گھریلوخواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ، سکولوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات سرکاری اداروں میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے ملازمین سمیت کارروباری افراد کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ، شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے رہی سہی کسر بجلی گیس سمیت دیگر ادارے نکال رہے ہیں ، شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ برس گیس سلنڈر استعمال کرکے گزر بسر کر لیتے تھے اب گیس سلنڈر بھی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو چکاہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم ، وزیر اعظم پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں