جہلم ، کوڑے کرکٹ اور سالڈ ویسٹ و کیمیکل سے بنی اشیاء کو جلانے پر پابندی کی خلاف ورزیاں جاری

اتوار 21 اپریل 2019 19:55

جہلم۔ 21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) پنجاب حکومت کی جانب سے کوڑے کرکٹ اور سالڈ ویسٹ و کیمیکل سے بنی اشیاء کو جلانے پر مکمل پابندی کے باوجود جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں خلاف ورزیاں جاری۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کرائے کے گھروں میں چمڑے کی اشیاء ، تاروں ودیگر سالڈ ویسٹ و کیمیکل کو آگ لگانے کا عمل بھی جاری، شہری آنکھیں،گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

شہریوں کا اندرونی علاقوں میں رہائش پذیر کباڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کوڑے کے ڈھیروں کو آگ لگانے یاسالڈ ویسٹ و کیمیکل سے بنی اشیاء کو جلانے پر پابندی عائد کرنے کے باوجود بااثر افراد نے قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جہلم اندرون شہر و مضافاتی علاقوں جن میں اسلام پورہ ، کریم پورہ، کالا گجراں،محمود آباد، ، چونترہ ، کھرالہ ، بلال ٹاؤن ،سمیت روہتاس روڈاور متعدد علاقوں میں بااثر افرادنے کرائے پر گھر اور حویلیاں لے رکھی ہیں جہاں وہ کباڑ میں لائی گئی اشیاء جن میں کیمیکل والی تاریں اور دیگر اشیاء کو آگ لگا کر کیمیکل سے بنی اشیاء اور تانبے کی تاروں کو نکالنے کی غرض سے ان کو جلانے کا سلسلہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے آس پاس کی آبادیوں کے مکین آنکھوں، گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ، شہریوں کااس گندے ماحول میں سانس لینا بھی انتہائی مشکل ہوچکا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ کیمیکل والی اشیاء کو آگ لگانے سے پیدا ہونے والے دھویں کی وجہ سے شہری ، خواتین ، خاص طور پر بوڑھے افراد کھانسی کی بیماریوں میں مبتلاہو رہے ہیں ، اس صورت حال میں محکمہ ماحولیات اور دیگر ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے پلاسٹک، پولیتھین،ربڑ اور کیمیکل ویسٹ اور کوڑا کرکٹ کو جلانے پر پابندی لگا رکھی ہے، لیکن بااثر افراد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسا گھناؤنا کام جاری رکھے ہیں ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ، ڈی پی او جہلم اور محکمہ ماحولیات کے افسران سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں