جاپانی حکومت کے تعاون سے میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال میں طبی سامان کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح

اتوار 15 دسمبر 2019 20:05

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2019ء) جاپان کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ شینڈو یوسوکو نے ضلع جہلم کے موضع دھنیلامیں میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال میں طبی سامان کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی سی جہلم محمد سیف انور جپہ ، ایم پی اے صبرینہ جاوید، سابق میئر نجیب خان ، سابق آئی جی پی خالد قریشی ، اور دیگر سماجی فلاحی و سرکاری اداروں کے سربراہان شریک ہوئے ۔

شینڈو یوسوکو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین میاں محمد بخش ٹرسٹ خرم فرید برگٹ اور ان کی ٹیم کو اس اہم منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لئے حکومت پاکستان کے اداروں میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاشرتی بہبود خصوصا خواتین اور بچوں کی بہتری کے لئے اپنی خدمات پسماندہ طبقات کو فراہم کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف کمیونٹی ممبران شعبہ صحت کے حوالے سے بہتر سہولیات سے لطف اندوز ہوسکیں گے ،بلکہ جاپان اور پاکستان کے عوام کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے میں بھی مدد ملے گی۔ آخر میں وائس چیئرمین خرم فرید برگٹ نے سفارتخانہ جاپان کی جانب سے دل کھول کر عطیہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں