دوسروں کے حق میں آواز اٹھانے والے پی ٹی آئی رہنما جاں بحق ہو گئے

آصف طاہر چوہدری پولیس حراست میں جاں بحق ہوئے، اہلخانہ نے وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت پولیس افسران پر قتل کا الزام عائد کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 29 ستمبر 2020 11:01

دوسروں کے حق میں آواز اٹھانے والے پی ٹی آئی رہنما جاں بحق ہو گئے
پنڈ دادن خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پولیس حراست میں جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سٹی ناظم آصف طاہر چوہدری پولیس کی حراست کے دوران اللہ کو پیارے ہو گئے۔تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ جالپ میں گذشتہ دو ماہ سے ہونے والی ڈکیتیوں کے خلاف  پنڈدادن خان کے نواحی گاؤں میں احتجاج کیا تھا ،جس کی سربراہی کے لیے پی ٹی آئی رہنما طاہر آصف چوہدری مظاہرہ کر نے والے افراد میں موجود تھے۔

پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا جب کہ دو گھنٹے بعد ان کے انتقال کی خبر آ گئی۔ڈاکٹر کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ طاہر آصف چوہدری کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا،جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ وہ اسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

طاہر آصف چوہدری نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ میرے بھائی کے قتل میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او پنڈدادن خان،ایس ایچ او جلالپور شریف ،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور فیصل فرید شامل ہیں۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے جہلم میں سابق تحصیل ناظم طاہر آصف کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کی تھی جس پر جہلم پولیس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔ پنڈی سید پور جلالپور شریف زیر قیادت طاہر آصف بعمر قریب 60سال ہمراہ 70/80افراد نے مین روڈ جلالپورشریف کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ قبل ازیں اس حوالے سے سوشل میڈیا پر احتجاج کی کال دی گئی تھی جس پر مذکورہ کو بار ہا پابند کیا گیا تھا کہ وہ کوئی ایسا غیر قانونی فعل نہ کریں۔

تاہم اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر جہلم سے طاہر آصف کے ڈیٹینشن آرڈر جاری کروائے گئے اور آج باقاعدہ گرفتاری کے لیے ان کو اور 10/15اشخاص کے ہمراہ تھانہ جلالپورشریف لایا گیا تاکہ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا جا سکے۔ دوران حراست ان پر کسی بھی قسم کا کوئی تشدد یا مار پیٹ نہ کی گئی۔ جبکہ انکی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے فوری طور پر آر ایچ سی ہسپتال جلالپورشریف شفٹ کیا گیا۔اسپتال میں دوران علاج و معالجہ وہ جانبر نہ ہو سکے اور انکی وفات ہو گی۔ متوفی دل کے عارضہ میں بھی مبتلا تھا۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں