پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے اعلان کے ساتھ ٹیسٹ ٹیوب صوبائی حکومت میں پسو پڑ گئے: حافظ حسین احمد

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 26 اکتوبر 2020 11:49

پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے اعلان کے ساتھ ٹیسٹ ٹیوب صوبائی حکومت میں پسو پڑ گئے: حافظ حسین احمد
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اورسابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ عام کے اعلان کے ساتھ ٹیسٹ ٹیوب صوبائی حکومت میں پسو پڑ گئے ہیں، وزیر اعلیٰ جام کمال اپوزیشن کی طرف سے دئیے گئے ”تھریٹ“ کو امن امان کے نام پر تبدیل کررہے ہیں جبکہ مشیر گرامی لیاقت شاہوانی اس ”تھریٹ“ کو ”کرونا“ کی آڑ میں روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ کا جبر ہے کہ خلائی مخلوق کے دباوٴ اور ”ٹیسٹ ٹیوب“ باپ بنانے والوں کے چرنوں میں بیٹھ کر صوبہ بلوچستان اور ملک کے حقیقی نمائندوں کو جس انداز میں چیلنج کیا جارہا ہے اس لیے ہم بھی جواب آن غزل کے طور پر اس کا جواب دے رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے روایات کا اب تک اگر ہم نے پاس اور لاج رکھا ہے تو ان مجبور محض دوستوں کو بھی اس کا خیال رکھنا چاہئے تھا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ ان کرم فرماوٴں کی مجبوری کا ہمیں اندازہ ہے لیکن آج وہ صاف گو اور اپنے بل بوتے پر انتخابات لڑنے والے جو میاں والی کے عمران نیازی کے اس سبز باغ جوکہ صرف دو سال میں ”کالا باغ“ بن چکا ہے اس کی صورتحال میں سردار یار محمد رند اور ندیم افضل چن مجبورہوکر میڈیا میں بول پڑے اور کہا کہ عوام کو ہم ریلیف دینے آئے تھے مگر اب تکلیف دے رہے ہیں، چینی، گندم، ادویات، بجلی اور گیس کے بل اور اشیائے خوردنی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور غریب کی پہنچ سے باہر ہیں، جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کی طرح وزراء ، مشیران گرامی بھی 25اکتوبر کا دن ”قرنطینہ“ میں گذاریں گے تاکہ ان کی بڑھتی پریشانی کچھ کم ہوسکے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں