کرپشن اور بدعنوانی کرنے والوں کے وکیل صفائی نہیں بن سکتے: حافظ حسین احمد

پی ڈی ایم کے 26مارچ کے مارچ کوآزادی مارچ کی طرح ”رینٹل مارچ“ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 27 فروری 2021 11:57

کرپشن اور بدعنوانی کرنے والوں کے وکیل صفائی نہیں بن سکتے: حافظ حسین احمد
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم کے 26 مارچ کے مارچ کوبھی ماضی کے ”آزادی مارچ“ کی طرح ”رینٹل مارچ“ بنانے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے وہ جامعہ نعمانیہ میں تحفظ دینی مدارس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے 26مارچ کا ایجنڈابھی آزادی مارچ کی طرح ”شریف خاندان“ کو لندن میں بظاہر ایک نیا میڈیکل ڈرامہ رچانے کا موقع  فراہم کروانا ہے اور چھوٹی سی سرجری (جو لندن کے بغیر پاکستان میں ممکن نہیں) کا بہانا بنا کر اپنوں اور غیروں کو سنادیاگیاہے تاکہ سرجری کے بہانے جانیوالی کے لندن پہنچنے پر ”خاندان“ مکمل ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبا اور علماء کرام ختم نبوت ناموس رسالت مساجد و مدارس کے تحفظ کیلئے اپنا تن من دھن کی بازی لگائیں گے لیکن کسی کی کرپشن اور بدعنوانی کیلئے وکیل صفائی نہیں بن سکتے، حافظ حسین احمد نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں ”پیسہ پھینک تماشہ دیکھ“ کے موثر فارمولے کو استعمال کیا گیا اور اب دوبارہ ”رینٹل مارچ“ کا بجٹ طے کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسالک کے پانچ وفاقات کی موثر تنظیم اتحاد المدارس کے ساتھ حکومت کے مذاکرات میں طے شدہ امور پر عمل پیرا ہونے کی بجائے معاملات کو مزید الجھانے کی دیدہ دانستہ کوشش کی جارہی ہے جس کی بھرپور مخالفت کی جائیگی۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں