تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتبار نہیں کرتے تو قوم کیسے کرے، فواد چوہدری

گر سیاست کرنی ہے تو پاکستان کے لوگوں کے پیسے واپس کرو،اپوزیشن سے لانگ مارچ تو دور واک بھی نہیں ہو گی، نواز شریف، شہباز شریف اور بلاول کی سیاست ختم ہو چکی ہے، 2023ء کے انتخاب میں ایک بار پھر عمران خان وزیراعظم منتخب ہوں گے،وفاقی وزیر اطلاعات

جمعہ 18 فروری 2022 16:53

تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتبار نہیں کرتے تو قوم کیسے کرے، فواد چوہدری
پنڈدادن خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتبار نہیں کرتے تو قوم کیسے کرے،اگر سیاست کرنی ہے تو پاکستان کے لوگوں کے پیسے واپس کرو،اپوزیشن سے لانگ مارچ تو دور واک بھی نہیں ہو گی، نواز شریف، شہباز شریف اور بلاول کی سیاست ختم ہو چکی ہے، 2023ء کے انتخاب میں ایک بار پھر عمران خان وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

جمعہ کو یہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے جلسوں سے اپوزیشن کی نیندیں حرام ہو جائیں گی، آج اپوزیشن کو پتہ چلے گا کہ جم غفیر کیا ہوتا ہے، آج منڈی بہائوالدین میں وزیراعظم کے استقبال کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونا تھی لیکن انہوں نے یہ بہانہ کیا کہ ہمیں جو چالان ملا ہے اس کی سیاہی پڑھی نہیں جا رہی، انہیں پڑھانے کے لئے استاد کی ضرورت ہے، اس طرح کے بہانے کر کے یہ بچ نہیں پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکائونٹوں میں اربوں روپے آئے اور ان کے اکائونٹوں میں منتقل ہوئے، انہیں بتانا ہو گا کہ یہ رقوم انہیں کیسے منتقل ہوئیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے عوام کے ساتھ ظلم روا رکھا ہے، اگر اس ظلم کی طرف کسی نے توجہ دلائی ہے تو وہ وزیراعظم عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اور زرداری کی الگ الگ جماعتیں ہیں، ایک لبرل اور دوسری مذہبی جماعت ہے، یہ سیاست میں اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ان کے پاس لوگ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر حکومتیں نہیں بدلی جا سکتیں، اس کے لئے محنت کی ضرورت ہوتی ہے، بلاول اور مریم کو مشورہ ہے کہ سیاست میں آنے کے لئے وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں، انہیں پتہ چل جائے گا کہ یہ کتنے پانی میں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے لئے پنجاب کے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں، آج ہمارے علاقوں میں گیس اس لئے نہیں کہ نواز شریف نے پنجاب کے حقوق کا سودا کر دیا تھا، 18 ویں ترمیم پر دستخط کئے گئے، اس کے نتیجے میں پنجاب کو گیس سے محروم کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر توانائی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے قانون پاس ہو چکا ہے، اب انشاء اللہ پنجاب کو بھی باقی صوبوں کی طرح گیس مل سکے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے پنجاب میں انڈسٹری اور زراعت کا بیڑا غرق کیا، جو موٹر وے بنائی اس کے نتیجے میں پنجاب کے تمام بڑے شہر نقصان میں چلے گئے، گوجرانوالہ، جہلم، گوجرخان، سوہاوہ، دینہ، منڈی بہائوالدین، گجرات کو انہوں نے ایسے منصوبوں سے باہر نکالا جیسے مکھن سے بال نکالا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج الحمد اللہ عمران خان نے موٹر وے دی ہے جو انشاء اللہ سیالکوٹ موٹر وے سے راولپنڈی کو ملائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہلم میں 1906ء میں جب ہیڈ رسول بنا تھا تو اس وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ جہلم اور خوشاب کے لوگوں کے لئے نہر بنائی جائے گی، وہ وعدہ آج وزیراعظم عمران خان نے پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس سال بعد اس علاقے میں ڈوئل کیرج وے بن رہی ہے جو موٹر وے کو جی ٹی روڈ سے ملائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ہم الیکشن لڑ رہے تھے تو اس علاقے میں پینے کا پانی نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان نے پینے کے پانی کے منصوبوں پر کام شروع کروایا، وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبات تسلیم کئے۔ ان منصوبوں سے ہمارے علاقوں کی قسمت بدل جائے گی، اسلام آباد اور لاہور کو بھی ان کا فائدہ ہوگا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ منڈی بہائوالدین کے جلسہ میں لوگ آج ثابت کریں گے کہ عمران خان پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جن کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے، 23 سال بعد کوئی وزیراعظم روس جا رہا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے عوام اور پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا ہے، ملک میں ایسا وزیراعظم موجود ہے جو ملک کے عوام کا سوچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج طویل عرصے بعد ہمارا کسان خوشحال ہے، عوام کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، 10 لاکھ روپے تک علاج کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب عوام کے لئے راشن کارڈ کی سہولت لائے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھتی ہیں تو اپوزیشن بتا دے کہ اگر دنیا میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہمیں پاکستان میں کیا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اگر 23 ہزار ارب قرضہ نہ لیا ہوتا تو آج ہمارے پاس اتنے وسائل ہوتے کہ ہم سبسڈی دے سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی پاکستان نے 12 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، پاکستان کے عوام ان کی لوٹ مار کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخاب میں ہم نے بدلہ لیا، یہ بدلہ ختم نہیں ہوا، 2023ء کے انتخاب میں ایک بار پھر عمران خان وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں